بالآخر آخری دن میں فیصلہ ہو ہی گیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء میں کون اگلے مرحلے میں پہنچے گا اور کون واپسی کی فلائٹ لے گا؟
جب پی ایس ایل 6 کا دوسرا مرحلہ متحدہ عرب امارات میں شروع ہوا تھا تو کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر تھے اور لاہور قلندرز کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہے تھے، لیکن پھر سب کچھ بدل گیا۔ آخری دن آیا تو مقابلے تو کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد اور ملتان کی ٹیموں کے تھے، لیکن اصل ’شکست‘ لاہور قلندرز نے پائی کہ جو کراچی کی کوئٹہ کے خلاف کامیابی کی بدولت پی ایس ایل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ وہ لاہور کہ جس نے ابتدائی 6 میچوں میں صرف ایک شکست کھائی تھی، مسلسل 4 مرتبہ شکست سے دوچار ہوا اور یوں لاکھوں دل توڑ دیے۔
کون کس نمبر پر؟

