English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عراق: کرونا اسپتال میں آتش زدگی سے کم از کم 44 افراد ہلاک، متعلقہ افسران کی گرفتاری کا حکم

عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں کرونا وائرس کے ایک اسپتال میں پیر کو لگنے والی آگ سے کم از کم 44 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوگئے ہیں۔ وزیرِ اعظم مصطفیٰ کاظمی نے متعلقہ ذمہ دار حکام کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق عراق کے صحت اور پولیس حکام نے اسپتال میں آتش زدگی کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر آکسیجن ٹینک کے دھماکے کے باعث لگی ہے۔

واقعے کے بعد صحت کا عملہ جھلسی ہوئی لاشوں کو اسپتال سے باہر نکالتا رہا جب کہ کئی مریض دھویں کے باعث کھانستے دکھائی دیے۔

ناصریہ میں صحت کے حکام کے مطابق الحسین کرونا وائرس اسپتال میں آگ پر قابو پانے کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے۔ البتہ دھویں اور بدبو کے باعث متاثرہ وارڈز میں امدادی کارروائیوں کے لیے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

صحت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پیر کو لگنے والی آگ سے اموات میں اضافے کا امکان ہے کیوں کہ متعدد مریض اب بھی لاپتا ہیں۔ ان کے بقول مرنے والوں میں دو ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔

متاثرین کے رشتے دار اسپتال کے باہر جمع ہوگئے۔

متاثرین کے رشتے دار اسپتال کے باہر جمع ہوگئے۔

اسپتال میں پیش آئے واقعے کے بعد متاثرین کے رشتے دار اسپتال کے سامنے جمع ہو گئے۔ اس دوران مشتعل افراد نے پولیس سے تصادم کے بعد پولیس کی دو گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا۔

ادھر وزیرِ اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق واقعے پر وزیرِ اعظم نے سینئر وزرا سے ملاقات کی ہے اور ناصریہ کے صحت اور سول ڈیفنس مینیجرز کو معطل اور گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

بیان کے مطابق اسپتال کے مینیجر کو بھی معطل کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔

خیال رہے کہ عراق کا نظامِ صحت کرونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں دباؤ کا شکار ہے اور ملک میں اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 17 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔

آگ ممکنہ طور پر آکسیجن ٹینک کے دھماکے کے باعث لگی۔

آگ ممکنہ طور پر آکسیجن ٹینک کے دھماکے کے باعث لگی۔

ایک ہیلتھ ورکرز نے ‘رائٹرز’ کو بتایا کہ شدید آگ نے کرونا وائرس وارڈ میں موجود متعدد مریضوں کو لپیٹ میں لے لیا تھا اور اس دوران ریسکیو ٹیمیں ان تک پہنچنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک پولیس اہلکا کا کہنا تھا کہ پولیس کی ابتدائی رپورٹ یہ ظاہر کرتی ہے کہ اسپتال کے کووڈ-19 وارڈ میں آکسیجن ٹینک کا دھماکہ آگ کی ممکنہ وجہ تھی۔

اسپتال کے گارڈ علی محسن کے مطابق ‘میں نے کرونا وائرس وارڈز کے اندر ایک بڑا دھماکا سنا جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔’

واضح رہے کہ اپریل میں دارالحکومت بغداد میں ایک کرونا اسپتال میں آکسیجن ٹینک کے دھماکے میں کم از کم 82 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوئے تھے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ سے لی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے