English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وہاڑی نے سدرن پنجاب لیگ ٹورنامنٹ جیت لیا

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وہاڑی نے 2 روزہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ 22-2021 کا ٹائٹل پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر جیت لیا۔ وہاڑی اور مظفر گڑ ھ کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل میچ گزشتہ روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈرا ہو گیا تھا۔وہاڑی نے اپنی پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے تھے جبکہ مظفر گڑ ھ کی ٹیم پہلی اننگز میں 243 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ میچ کے آخری روزوہاڑی نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصا ن 175 رنز بنائے تھے۔وہاڑی کی کامیابی میں نوید احمد اور فرحان سرفراز نے اہم کردار ادا کیا۔ نوید نے پہلی اننگز میں 138 رنز بنائے اور فرحان نے دونوں اننگز میں ہاف سنچریاں اسکور کیں ۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب بولر کا اعزاز مظفر گڑھ کے محمد جنید کے حصے میں آیا انہوں نے فائنل میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں اور 7 میچوں میں 39 وکٹیں اپنے نام کیں۔ سدرن پنجاب کی 14 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا ، پول اے میں وہاڑی کی ٹیم ٹاپ پر موجود تھی جبکہ مظفر گڑھ پول بی میں ٹاپ پر رہا ۔ ساہیوال کے شیرون سراج 74.33 کی اوسط سے چھ میچوں میں 669 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ ان کا ٹورنامنٹ میں بہترین اسکور 185 رنزناٹ آؤٹ رہا انہوں نے ٹورنامنٹ میں تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری بنائی۔ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے عمار علی نے چھ میچوں میں 69.88 کی اوسط سے 559 رنز بنائے اس میں 152 کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل تھی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کی تھی۔سدرن پنجاب لیگ ٹورنامنٹ میں واحد ڈبل سنچری اوکاڑہ کے وقار حسین نے بنائی، دائیں ہاتھ کے بلے باز نے خانیوال کے خلاف ناقابل شکست 202 رنز بنائے تھے بولنگ چارٹ میں دوسرے نمبر پر خانیوال سے تعلق رکھنے والے زین العابدین تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ میں چھ میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کیں۔ساہیوال کے محمد رمیز اور ڈیر ہ غازی خان کے محمد جہانگیر نے بلترتیب 25،25 وکٹیں حاصل کیں۔ رمیز نے تین مرتبہ پانچ اور ایک دفعہ دس وکٹیں حاصل کیں جبکہ جہانگیر نے ایک اننگز میں 20 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔13 ٹیموں پر مشتمل بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کا فائنل لورالائی اور لسبیلہ کے مابین 21 اگست سے کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے