English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکہ: سمندری طوفان آئیڈا کی شدت میں اضافہ، طوفانی بارش کی پیش گوئی

امریکہ کی ریاست لوئزیانا کی طرف بڑھتا ہوا سمندری طوفان آئیڈا مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور اتوار کو خطرناک کیٹیگری چار کے طور پر اس ریاست کے ساحل سے ٹکرایا۔

اس طوفان سے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ریاست کے حکام گھروں سے منتقل ہونے والے لوگوں کے لیے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے باوجود پناہ گاہوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق دنیا کے گرم ترین سمندری پانیوں سے گزرتے ہوئے طوفان کی خلیج میکسیکو میں صرف پانچ گھنٹوں میں رفتار 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 150 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔ آئیڈا امریکہ کے ساحلوں سے ٹکرانے والے شدید ترین طوفانوں میں شامل ہے۔

آئیڈا طوفان عین اسی تاریخ کو ریاست لوئزیانا سے ٹکڑانے کے لیے تیار ہے جس تاریخ کو 16 برس قبل کیترینا نامی سمندری طوفان نے مسی سیپی اور لوئزیانا میں تباہی مچائی تھی۔



یونان میں خشک موسم کے باعث ساحلی علاقے کے قریب جنگلات میں لگنے والی آگ کے دھوئیں نے ایک بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ 7 اگست 2021

یہ طوفان امریکہ کے ایسے خطے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں کرونا وائرس کی عالمی وبا کے کیسز میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیوں کہ اس خطے میں ویکسین لگوانے کی شرح کم ہے اور یہاں کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی ڈیلٹا قسم نے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔

ریاست لوئزیانا کے شہر نیو اورلنز میں طوفان سے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ایسے وقت میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جب اس کے اسپتالوں میں تقریباً تمام بستروں پر مریض زیرِ علاج ہیں۔ طوفان کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے لیے بنائی گئی پناہ گاہیں کرونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہیں۔

خلیج میکسیکو میں لوئزیانا کی طرف بڑھتے ہوئے سمندری طوفان آئیڈا کی مصنوعی سیارے سے لی گئی تصویر (فوٹو این او اے اے)

خلیج میکسیکو میں لوئزیانا کی طرف بڑھتے ہوئے سمندری طوفان آئیڈا کی مصنوعی سیارے سے لی گئی تصویر (فوٹو این او اے اے)

ریاست کے گورنر جان بیل ایڈورڈز نے ہفتے کو کہا تھا کہ لوئزیانا کے سخت جان اور تیزی سے بحالی کے اہل لوگ اس طوفان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

گورنر کے بقول، لوئزیانا کے حکام گھر بار چھوڑنے والے افراد کی رہائش کے لیے ہوٹلوں کا انتظام کر رہے ہیں تاکہ بڑی پناہ گاہوں میں ان کی تعداد کو محدود رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے سمندری طوفان کے باعث 20 ہزار افراد کو ہوٹلوں میں ٹھیرایا گیا تھا۔

اس خبر میں شامل بیشتر معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے