English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی نہیں لگائی، افغان کرکٹ بورڈ

کابل: افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ خواتین کی کرکٹ پر پابندی نہیں لگائی، ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں۔

افغان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ اسکوارڈ کا جلد اعلان کیا جائے گا، عبوری حکومت خواتین کے کرکٹ کے حوالے سے جلد لائحہ عمل دے گی، افغان کرکٹرز ہیرو ہیں انہوں نے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

کرکٹ بورڈ نے کہا کہ آسٹریلیا سمیت تمام ممالک سے کرکٹ کی بحالی کے لیے رابطے کریں گے، ون ڈے، ٹی ٹینٹی اور ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر ترقی دیں گے۔

خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے خواتین کرکٹ ٹیم پر پابندی کے بعد آسٹریلیا نے افغانستان سے واحد ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی تھی۔

آسٹریلیا کرکٹ بورڈ نے طالبان حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے تو ہم بھی افغانستان کی مردوں کی ٹیم سے ساتھ واحد شیڈول میچ منسوخ کردیں گے۔

ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ خواتین کی کرکٹ ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، کرکٹ ہم سب کے لیے ایک کھیل ہے اور ہم ہر سطح پر خواتین کی کرکٹ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ اگر طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی سے متعلق میڈیا میں چلنے والی خبریں درست ہیں تو ہمارے پاس ہوبارٹ میں شیڈول افغانستان کے ساتھ واحد ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں بچتا۔

اس سے قبل افغان ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد اللہ واثق نے آسٹریلیا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا نہیں خیال اسلامی مارات افغانستان میں خواتین کے کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہوگی، خواتین کا کرکٹ کھیلنا ضروری نہیں کیوں کہ اس میں ایسی صورتحال بھی پیدا ہوتی ہے جہاں خواتین کے چہرے سمیت جسم کے دیگر اعضا کی نمائش ہوتی ہے اور اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا۔

احمد اللہ واثق نے مزید کہا تھا کہ میڈیا کے اس دور میں خواتین کھلاڑیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی منظرعام پر آئیں گی، اسلام اور اسلامی امارت افغانستان خواتین کو نہ صرف کرکٹ بلکہ ہر وہ اسپورٹس کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا جس میں ان کی نمائش ہوتی ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے