کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 18 سال بعد دورہ پاکستان جہاں شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے تو وہیں کیوی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے 11 ستمبر کوپاکستان پہنچے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین ٹام بلینڈل کا کہنا ہے کہ ہمارے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ سنا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، جہاں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔ ٹام بلینڈل نے کہا کہ پاکستان محدود طرز کی کرکٹ کی ایک بہت اچھی ٹیم ہے۔ ہوم ٹیم آسان حریف نہیں ہوگی۔ یہ سیریز ہمارے لئے ایک اچھا تجربہ ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک طویل عرصہ اپنی ہوم کرکٹ بیرون ملک کھیلی جو بہت افسوسناک تھا تاہم اب انہیں ایک مرتبہ پھر اپنے ہوم گرانڈ میں کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جو بہت خوش آئندہے۔ٹام بلینڈل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم فی الحال خالی اسٹیڈیمز میں میچز کھیل رہی ہے تاہم انہیں خوشی ہے کہ پاکستان میں وہ فینز کی موجودگی میں کرکٹ کھیلیں گے۔بلیئر ٹکنر کاکہنا ہے کہ تمام کھلاڑی دورہ پاکستان کے لیے پرجوش ہیں۔کوشش کریں گے کہ بنگلا دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز میں جیت کا تسلسل پاکستان کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں مگر فی الحال انہیں بائیو سیکیور ببل میں رہنا پڑے گا جو کہ مایوس کن ہے۔ اگر اس سے نکلنے کا موقع ملا تو بہت خوشی ہوگی۔ڈگ بریسویل کاکہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے بہت پرجوش ہے۔ تمام لڑکے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ بنگلا دیش زیادہ اچھا نہیں رہا مگر وہ پاکستان میں بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے3 میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 25 ستمبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوں گے۔

