ملتان (نمائندہ خصوصی ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام 13ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں مسلم کلب چمن نے ایئرفورس کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے ہرا دیا۔ گزشتہ شب قاسم باغ فٹ بال اسٹیڈیم، ملتان میں کھیلے گئے میچ میں وقفے تک دونوں ٹیمیں بغیر کسی نتیجے کے بغیر برابر رہیں، دوسرے ہاف میں مسلم کلب چمن نے گول کرکے مقابلہ 1-0 گول سے جیت لیا۔ کھیل کے 64 ویں منٹ میں مسلم کلب کے محمد حنیف نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو مقررہ وقت تک جاری رہی۔ ایئرفورس کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ اس وقت لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ایئرفورس کی ٹیم 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور مسلم کلب 12 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ جبکہ واپڈا 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، کے آر ایل اور لائلپور کلب بار، بار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔آج آرمی کا مقابلہ سوئی نادرن سے ہوگا۔
