پاکستان کے وزیرِ داخلہ جناب شیخ رشید صاحب کا کہنا ہے کہ ملک ایک بہت مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں ہر قدم بہت احتیاط سے اٹھانے کی ضرورت ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہمارا ملک ہمیشہ سے کسی نہ کسی بحران کا شکار ہی رہا ہے۔
ہمارے سیاسی، معاشی، اندرونی اور بیرونی معاملات میں آنے والی پیچیدگیاں ہماری اپنی وجہ سے ہی آتی ہیں اور ان کا اثر روزمرہ زندگی اور کھیل کے میدانوں پر بھی ہوتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کے طور پر رمیز راجہ کی تقرری ہوتے ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم کا پاکستان سے یہ کہتے ہوئے چلے جانا کہ انہیں مختلف ذرائع سے دھمکیاں مل رہی ہیں ایک بڑے سانحے سے کم نہیں تھا۔ مزید یہ کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا۔
یہ سب ایک سوچی سمجھی سازش کی وجہ سے ہوا اور یہ کہنا بالکل غلط نہیں ہوگا کہ اس میں پڑوسی ملک بھارت کا بہت ہی گھناؤنا کردار سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب رمیز راجہ پر بھی یہ کہاوت صادق آتی ہے کہ ’سر منڈاتے ہی اولے پڑے‘ ظاہر ہے کہ ہم سب اس غیر متوقع سانحے سے بہت ہی ناامید ہوئے۔
ان لمحات میں اہم ذمہ داریوں پر فائز افراد کو ہر قدم بہت ہی سوچ سمجھ کر اور پیچیدگیوں کو مدِنظر رکھ کر اٹھانا ہوگا۔ انہیں چاہیے کہ سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غلط بیانات سے گریز کریں اور حقیقت اور فسانے کو علیحدہ علیحدہ رکھیں۔
رمیز راجہ ایک باشعور اور تعلیم یافتہ انسان ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے پیچ و خم سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ ظاہراً وہ اس کھیل سے والہانہ محبت رکھنے والوں کے دلوں میں ایک معتبر حیثیت رکھتے ہیں۔ جب سے انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور سنبھالی ہے تو لوگوں نے ان سے ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے کی امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔
تاہم رمیز راجہ جب سیاسی بصیرت کو بالائے طاق رکھ کر کچھ بیانات دیتے ہیں تو ظاہر ہے کہ لوگوں کی دل آزاری کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے سینیٹ کی کمیٹی برائے کھیل کے سامنے جو بیان دیا اس سے نہ صرف لوگوں کی دل آزاری ہوئی بلکہ خود رمیز راجہ کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ اگر بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی آج پاکستان کرکٹ کی فنڈنگ بند کردیں تو پاکستان کی کرکٹ ختم ہوجائے گی۔ رمیز راجہ کا یہ کہنا تو ایک حقیقت ہے کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیے دیگر ممالک کی نسبت زیادہ فنڈ فراہم کرتا ہے۔ تاہم یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ اگر بھارت یا مودی پاکستان کی فنڈنگ روک دیں تو ہماری کرکٹ ختم ہوجائے گی۔ اس حوالے سے نہ ہی بھارتی وزیرِاعظم کے پاس کوئی اختیار ہے اور نہ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کے پاس۔
“50% of PCB is run on ICC funding. 90% of ICC is run on BCCI funding. India is running PCB. Modi can shut down PCB the day he wants.”
– PCB Chairman, Ramiz Raja pic.twitter.com/4DOqJOQLGJ
— Amit Malviya (@amitmalviya) October 7, 2021
