کراچی(سید وزیر علی قادری) چوکوں چھکوں کی برسات ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ آج سے سجے گا، ٹی 20ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ عمان ،مسقط میں کھیلا جائیگا جبکہ سپر12دوسرا مرحلہ 23اکتوبر سے یو اے ای میں کھیلا جائیگا۔پہلے مرحلے میں 8ٹیمیں گروپ میچز کھیلیں گی جس میں 4ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، گروپ میچز کا پہلا میچ اومان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹی20ورلڈ کپ کے افتتاح کو شاہی رنگ میں رنگا جائے گا جب کہ افتتاحی تقریب میں گھوڑے کی پشت پر ٹرافی پچ پر آئے گی۔ٹاس اور کھیل شروع ہونے کے درمیان افتتاحی تقریب سجائی جائے گی۔ عمان کرکٹ کے چیئرمین پنکج کھیم جی نے کہاکہ ہم ٹی 20ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب پر خصوصی شو کی پلاننگ کررہے ہیں، یہ کرکٹ ورلڈ کپ ہے، ہم نے آئی سی سی کو مختصر افتتاحی تقریب کیلئے راضی کرلیا۔انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے آج عمان کا یوم خواتین ہے، ہم نے اس موقع کی مناسبت سے عمانی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا،اسی حوالے سے پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں،تقریب میں ٹی 20ورلڈ کپ کا ترانہ پیش کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر یہ تقریب 20منٹ پر محیط ہوگی،تقریب میں بادشاہی اصطبل کے 20 گھوڑے بائونڈری کے قریب رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک گھوڑے کی پشت پر روایتی عمانی اسٹائل میں ٹرافی کو پچ پر لانے کی منصوبہ بندی بھی کررہے ہیں۔میگا ایونٹ سے قبل پاکستان ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کیخلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گا۔پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 1 آج ویسٹ انڈیز اور دوسرا وارم اپ میچ 20اکتوبر کوجنوبی افریقا کیخلاف کھیلے گی۔ٹی20ورلڈ کپ میں 24اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ بھارت کیساتھ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا،26اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ،شارجہ کرکٹ ا سٹیڈیم،29اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ افغانستان، دبئی،2نومبر کو پاکستان بمقابلہ اے ٹو ابوظبی،7 نومبر کو پاکستان بمقابلہ بی ون،شارجہ میں کھیلا جائیگا۔10نومبر کو پہلا سیمی فائنل ابوظہبی،11نومبر کو دوسرا سیمی فائنل دبئی جبکہ 14نومبرکوفائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔
