English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی: تاخیر کا شکار گرین لائن بس منصوبے کے ‘ٹرائل آپریشنز’ کا افتتاح

القمر

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں لگ بھگ چار سال سے تاخیر کے شکار گرین لائن بس منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کر دیا ہے۔

اس منصوبے کا آغاز سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے دورِ حکومت میں ہوا تھا جو اب بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ البتہ وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعے کو اس منصوبے کے پہلے مرحلے کی آزمائش کا افتتاح کیا ہے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے گرین لائن اسٹیشن کا دورہ کیا اور بسوں کا معائنہ کیا جب کہ انہیں حکام نے منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

حکام کا کہنا ہے کہ بسوں کے آزمائشی سفر کے بعد اس منصوبے کو 25 دسمبر سے آپریشنل کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نواز شریف کے شروع کیے گئے منصوبے پر تختی لگا رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آج ملک میں بجلی، گیس اور پبلک ٹرانسپورٹ کے جتنے منصوبے ہیں وہ نواز شریف کے لگائے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ جولائی 2014 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا اعلان کیا تھا اور فروری 2016 میں اس کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔

سرجانی ٹاؤن سے گروہ مندر تک لگ بھگ 22 کلو میٹر کے اس منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن پانچ برس بعد ہی یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔

اس منصوبے میں 22 بس اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جہاں ابتدائی طور پر 80 بسیں چلائی جائیں گی۔ ہر بس میں 150 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔

بس کا کرایہ 20 سے 50 روپے کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔

مسافروں کے لیے بس اسٹیشنز پر جدید لفٹس اور ٹکٹس کے خود کار نظام نصب ہیں۔ ہر بس میں یو ایس بی پورٹس سے لے کر ویل چیئر تک کا مکمل نظام موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے