English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

‘مس یونیورس’ کا تاج 21 برس بعد بھارتی حسینہ کے سر سج گیا

القمر

بھارتی اداکارہ و ماڈل ہرناز کور سندھو نے ‘مس یونیورس’ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ بھارت کی جانب سے یہ ٹائٹل جیتنے والی تیسری خاتون ہیں۔

اسرائیل کے شہر ایلات میں اتوار کی شب منعقد ہونے والے 70ویں ‘مس یونیورس’ مقابلے میں دنیا بھر سے 80 حسیناؤں نے شرکت کی۔

بھارتی اداکارہ و ماڈل ہرناز نے مقابلۂ حسن کے حتمی مرحلے میں پیراگوائے کی ماڈل نادیہ فیرئیرا اور جنوبی افریقی ماڈل لالیلہ سوانے کو شکست دی۔

ہرناز کور سندھو 21 برس بعد ‘مس یونیورس’ کا تاج پہننے والی بھارتی ہیں۔ ان سے قبل سن 2000 میں بھارتی اداکارہ لارا دتہ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ 1994 میں اداکارہ سشمیتا سین مس یونیورس قرار پائی تھیں۔

بھارتی جریدے ‘انڈیا ٹوڈے’ کے مطابق 21 سالہ ہرناز سندھو پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

انہوں نے مقابلہ حسن کا سفر 17 برس کی عمر سے کیا تھا۔ اس سے قبل وہ ‘مس دیوا 2021’ اور ‘فیمینا مس انڈیا پنجاب 2019’ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس اسرائیل میں منعقد ہونے والا ‘مس یونیورس’ کا مقابلہ اس وقت تنازع کا شکار ہوا جب مقابلے میں شرکت کرنے والوں پر زور دیا گیا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیل کے سلوک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تقریب میں شرکت نہ کریں۔

بعد ازاں فلسطین کی حمایت کرنے والے مسلم ملک ملائیشیا نے کرونا کی صورتِ حال کو جواز بنا کر اس مقابلے میں شرکت سے معذرت کی جب کہ جنوبی افریقہ نے بھی اسرائیل میں منعقد ہونے والے مقابلے میں شرکت سے دست برداری کا اعلان کیا۔

گزشتہ ماہ میکسیکو کی ماڈل آندرے میزا نے خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کو ایک انٹرویو کے دوران مقابلۂ حسن میں حصہ لینے والوں سے اپیل کی تھی کہ وہ سیاست کو اس مقابلے سے دور ہی رکھیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ "اس مقابلے کا مقصد مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا ہے۔”

علاوہ ازیں مقابلے کے آخری لمحات میں ہی کرونا وائرس کا نیا ویریئنٹ امیکرون بھی سامنے آ گیا تھا جس کی وجہ سے اسرائیل نے غیر ملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔

البتہ امیکرون ویریئنٹ کے سبب عائد نئی پابندیوں سے قبل ہی مقابلۂ حسن میں حصہ لینے والے تقریباً تمام مقابل حریف پہلے ہی اسرائیل آ چکے تھے۔

واضح رہے گزشتہ برس عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے ‘مس یونیورس’ کا مقابلہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا اور مئی 2020 میں میکسیکو کی ماڈل آندرے میزا کو مختصر مدت کے لیے تاج پہنایا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے