ویب ڈیسک —
بھارت کی ریاست تمل ناڈو میں گزشتہ بدھ کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے میں زندہ بچ جانے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بدھ کو دم توڑ گئے ہیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے ‘این ڈی ٹی وی’ کے مطابق ورون سنگھ کو حادثے کے مقام سے شدید زخمی حالت میں بنگلور کے فوجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، تاہم اُن کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی تھی۔
ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ورون سنگھ کے جسم کا بیشتر حصہ جل چکا تھا اور اُنہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا۔ تاہم وہ بدھ کو دم توڑ گئے۔
آٹھ دسمبر کو پیش آنے والے اندوہناک حادثے میں بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف، اُن کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
بھارتی فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر لینڈنگ سے کچھ دیر قبل تمل ناڈو کے قصبے ویلنگٹن میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
بدھ کو بھارتی فضائیہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایئر فورس کے افسران اور تمام اہل کاروں کی ہمدردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی ورون سنگھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے عوام اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
بھارت میں حزبِ اختلاف کی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھی گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بھارت کے وزیرِ اعظم نے جنرل بپن راوت کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی اعلٰی سطح پر تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
بھارتی حکام نے تاحال حادثے کی وجوہات کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔ البتہ بھارت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ لینڈنگ سے قبل خراب موسم بھی حادثے کی ایک وجہ ہو سکتا ہے۔
