ویب ڈیسک —
پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز پر خیبر پختونخوا کے علاقے درہ آدم خیل میں حملہ ہوا ہے جس میں اُن کے ڈرائیور کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ وفاقی وزیر شبلی فراز پر کوہاٹ جاتے وقت فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ درہ آدم خیل کے مقام پر پیش آیا ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق شبلی فراز حملے میں محفوظ رہے ہیں لیکن ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔ البتہ ان کا ڈرائیور زخمی ہے جسے علاج کے لیے اسپتال منقل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے شبلی فراز پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ کالعدم تحریکِ طالبان کے ساتھ رواں ماہ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
شبلی فراز پر حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
