English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خیبرپختونخوا: 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پولنگ کا آغاز اتوار کی صبح آٹھ بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

کن اضلاع میں انتخابات ہوں گے؟

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں پولنگ ہو رہی ہے۔

ان اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ہے۔

مرد ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ 15 ہزار 767 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 56 لاکھ 53 ہزار 95 ہے۔

مجموعی طور پر سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کے لیے 689 امیدواروں، ویلج اور نیبرہڈ کونسلز میں جنرل نشستوں پر 19 ہزار 285، خواتین کی نشستوں پر تین ہزار 870، مزدور کسان کی نشستوں کے لیے سات ہزار 428، یوتھ نشستوں پر چھ ہزار 11 اور اقلیتی نشستوں پر 293 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہو رہا ہے۔

صوبے میں کل نو ہزار 223 پولنگ اسٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں 4188 پولنگ اسٹیشن حساس اور 2507 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک امیدوار کے قتل کے بعد شہر میں میئر کے عہدے پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں جب کہ صوبے کے دیگر علاقوں میں پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے لیے 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں جب کہ ایف سی اور آرمی کے 10 ہزار جوانوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی الرٹ ہے۔

پشاور میں 11 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات میں دو ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ جنرل نشستوں پر 217، خواتین نشستوں پر 876، کسان کی نشستوں پر 285 اور یوتھ نشستوں پر 500 جب کہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے