ویب ڈیسک —
کرسمس کے موقعے پر اپنے خطاب میں پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ یسوع مسیح کے ماننے والوں کو ان کی انکساری کو یاد رکھنا چاہئیے اور یہ بھی کہ وہ دنیا میں آئے تو غربت اور کسمپرسی کی حالت میں۔ پوپ فرانسس نے کہا، ” خدا کو عاجزی میں تلاش کیجئے۔ یہی یسوع مسیح کا پیغام ہے۔ خدا کروفر میں نہیں بلکہ انکساری میں ملتا ہے۔ عاجزی ہی وہ راستہ ہے جو انہوں نے اختیار کیا جو انہیں ہمارے قریب لے آیا، جس نے ہمارے دلوں کو چھو لیا، جس نے ہماری حفاظت کی اور ہمیں اس سے قریب تر کیا، جو اصل حقیقت ہے۔”
اس موقعے پر سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں لگ بھگ 2,000 افراد موجود تھے۔ واضح رہے کہ اٹلی میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومکرون کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد گذشتہ برس سے کہیں زیادہ ہے۔
کرسمس کی شام سینیٹ پیٹرز میں پوپ فرانسس کے اس خطاب سے پہلے ویٹیکن نے تمام ملازمین کے لئے کووڈ 19 کی ویکسین لازمی قرار دینےکا نیا حکم جاری کیا ہے۔
پوپ فرانسس سسٹین چیپل میں نمودار ہوئے تو گرجا گھر کا کوائرگروپ وہ گیت گا رہا تھا، جو بیت الحم میں عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کی یاد میں، ویٹیکن میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز تھا۔


جمعے کے روز اس اجتماع میں 2000لوگ موجود تھے جبکہ 2020 میں کرسمس پر اٹلی میں مکمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے صرف 200لوگوں کو آنے کی اجازت دی گئی تھی۔ سینٹ پیٹرز میں 20,000 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔ کووڈ19 کی وبا سے پہلے یہ کرسمس سے ایک روز پہلے کی سب سے بڑی رسم رہی ہے اور بیسلیکا لوگوں سے بھرا ہوتا تھا۔
نصف شب کا یہ اجتماع شام ساڑھے سات بجے ہی شروع ہو گیا جو 85 سالہ پوپ کی ہمت کو ایک خراج تھا، جبکہ ایک سال پہلے یہ اجتماع اٹلی بھر میں کووڈ19کے کرفیو سے پہلے ختم کرنا پڑا تھا۔


No media source currently available
اگرچہ اٹلی میں اومکرون ویرینٹ کے کیسز کے بعد جمعرات کو ویٹیکن کے وزیرِ خارجہ نے ویٹیکن کے تمام عملے کے لئے لازمی ویکسین کا نیا حکم نامہ جاری کیا تھا۔ تاہم، یہ حکم اجتماع میں آنے والے دیگر لوگوں کے لئے نہیں تھا۔ ان تمام شرکاء کے لئے ماسک پہننا لازمی تھا۔
پوپ فرانسس نے اس موقعے تمام وقت ماسک نہیں پہنا تھا۔
پوپ فرانسس ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوا چکے ہیں۔ وہ ویکسین کو محبت بھرا اقدام قرار دے چکے ہیں۔ اور زور دے چکے ہیں کہ دولت مند ملکوں کو پسماندہ ممالک کے لئے ویکسین فراہم کرنی چاہئیے۔
واضح رہے کہ اس سال اٹلی میں کرونا کے باعث کرفیو نہیں لگایا گیا، لیکن اس ہفتے یہاں کووڈ کیسز کی تعداد سال دو ہزار بیس کے کرسمس کے ہفتے کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعے کے روز اٹلی میں کرونا کےساڑھے 50 ہزار نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ 141افراد ہلاک ہوئے۔ جس سے کرونا کے باعث اٹلی میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ چھتیس ہزار تین سو چھیاسی ہو گئی ہے۔
(اس خبر میں معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)
