English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دارالحکومت سمیت امریکہ کے مشرقی علاقوں میں برف باری، کئی جگہوں پر بجلی غائب

القمر

شدید سرمائی طوفان کے نتیجے میں پیر کے روز امریکی بحر اوقیانوس کے وسطی علاقے اور جنوب کے کچھ رقبے پر تیز اور کئی گھنٹوں پر محیط برف باری ہوئی، جس کی وجہ سے دارلحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وفاقی دفاتر بند کر دئے گئے۔ ورجینیا اور میری لینڈ کے کئی علاقوں میں ہزاروں صارفین کے گھروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ کی ہمسایہ ریاستوں میں پیر کے دن 25 سینٹی میٹر تک برف باری کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

سرمائی طوفان نے فلوریڈا سے نیو جرسی تک کے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ آج پہلی بار فلوریڈا کے پین ہنڈل شہر کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی برف باری ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق، تیز ہواؤں کے نتیجے میں پانچ لاکھ سے زائد صارفین کے گھروں میں بجلی منقطع ہو گئی جن میں الاباما، ٹینسی، جارجیا، کنٹکی، کیرولائینا اور ویسٹ ورجینیا کے کچھ علاقے شامل ہیں۔

ہوا کے تیز جھونکوں کے باعث واشنگٹن ڈی سی میں صدر جوبائیڈن کا ہیلی کاپٹر پرواز نہ بھر سکا، جس کے نتیجے میں ان کی موٹر گاڑیوں کا قافلہ میری لینڈ میں واقع جوائنٹ بیس اینڈیوز سے وائٹ ہاؤس واپس پہنچا۔ اختتام ہفتہ ڈیلاویئر میں گزارنے کے بعد وہ آج یہاں واپس پہنچے تھے۔

خراب موسم اور کووڈ 19 کی وبا پھیلنے اور عملے کی کمی کے نتیجے میں پیر کے روز بھی متعدد پروازیں منسوخ رہیں۔

‘فلائیٹ اویئر’ نامی ٹریکنگ سروس کے مطابق، پیر کو علی الصبح 1900 امریکی پروازیں منسوخ کی گئیں۔ فلائیٹس کی معطلی کرسمس کے دن شروع ہوئی تھی، جب ملک کے کچھ حصوں میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ، عملے کی کمی اور خراب موسم کے باعث غیرمعمولی صورحال پیدا ہوگئی تھی۔

میری لینڈ اور ورجینیا کے حکام نے بتایا ہے کہ پیر کے روز متعددہائی ویز پرحادثات پیش آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اور حکام کی جانب سے لوگوں کو تلقین کی جاتی رہی کہ جہاں تک ممکن ہو سفر سے اجتناب کیا جائے۔

پیرکو وفاقی دفاتر بند رہے اور ملازمین سے کہا گیا تھا کہ وہ گھروں سے کام کریں۔

حکام نے بتایا ہے کہ نارتھ کیرولائینا میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے کچھ سڑکیں سفر کے قابل نہیں رہیں۔

[اس خبر کا کچھ مواد ایسو سی ایٹڈ پریس اور رائٹرز سے لیا گیا ہے]

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے