English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فن کاروں، ریڈ کارپٹ اور نشریات کے بغیر ‘گولڈن گلوب 2022’ کے فاتحین کا اعلان

القمر

اکیڈمی ایوارڈز کے بعد شوبز کی دنیا کے دوسرے بڑے انعام سمجھے جانے والے ‘گولڈن گلوب ایوارڈز 2022’ کا اعلان ہو گیا ہے۔ لیکن اس بار نہ تو کوئی ریڈ کارپٹ ہوا، نہ ہی کوئی تقریب ٹیلی کاسٹ ہوئی جس کی وجہ سے ایوارڈ جیتنے والوں کی خوشی ماند پڑ گئی۔

ویسے تو فلم کیٹیگری میں ‘دی پاور آف دی ڈوگ’ جب کہ ٹی وی کیٹیگری میں ‘سکسیشن’ اور ‘ہیکس’ نے سب سے زیادہ ایوارڈ جیت کر میلہ لوٹ لیا۔ لیکن حاضرین کی غیر موجودگی اور شوبز کمیونٹی کی عدم دلچسپی نے 79ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کو بے رنگ کر دیا۔

ایوارڈز کے حق دار کا انتخاب کرنے والی ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف پی اے) نے اتوار کی شب سوشل میڈیا کے ذریعے فاتحین کا اعلان کیا۔

رواں برس مئی میں گولڈن گلوب ایوارڈز کے نشریاتی پارٹنر اور امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ‘این بی سی’ نے 2022 کی تقریب نشر کرنے سے انکار کیا تھا۔

این بی سی کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب ایوارڈ کے حق دار کا انتخاب کرنے والی ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف پی اے) کو ایک بھی سیاہ فام رکن نہ ہونے پر تنقید کا سامنا تھا۔

تنازع کے باعث اتوار کو گولڈن گلوب 2022 کے فاتحین کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے ہی کیا گیا۔

بہترین اداکار ٹیلی وژن سیریز (ڈرامہ)

ٹیلی ویژن سیریز میں بہترین اداکار کے فاتح سکسیشن کے لیے جیرمے اسٹرونگ قرار پائے۔

اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ اداکار برائن کاکس، لی جونگ جے، بلی پورٹ اور اومر سی نامزد تھے۔

بہترین اداکارہ ٹیلی وژن سیریز (ڈرامہ)

ٹیلی ویژن سیریز کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ایم جے روڈریگز نے سیریز ‘پوز’ کے لیے اپنے نام کیا۔

اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ اداکارہ ایزو اڈوبا، جینیفر اینسٹن، کریسٹن برینسکی اور الیزبتھ موس نامزد تھیں۔

بہترین معاون اداکارہ موشن پکچر

اداکارہ آریانہ ڈیبوس فلم ویسٹ سائیڈ اسٹوری کے لیے بہترین معاون اداکارہ قرار پائی ہیں۔

اس کیٹیگری میں ان کے مدِ مقابل اداکارہ کیٹرینہ بالف، کیرسٹن ڈنسٹ، آنجنو ایلس اور روتھ نیگا تھیں۔

بہترین معاون اداکار موشن پکچر

کوڈی اسمتھ میک فی کو فلم ‘دی پاور آف دی ڈوگ’ کے لیے بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کے ساتھ اداکار بین ایفلک، جیمی ڈورنین، کیرون ہائنڈز اور ٹروئی کوٹسر نامزد تھے۔

بہترین اینی میٹڈ فلم

بہترین اینی میٹڈ فلم کا ایوارڈ ‘انکانٹو’ کے نام رہا۔ اس کیٹیگری میں فلم فلی، لوکا، مائی سنی ماد اور رایا اینڈ دی لاسٹ ڈریگن نامزد تھیں۔

بہترین موشن پکچر (ڈرامہ)

گولڈن گلوب 2022 کے لیے بہترین موشن پکچر کا ایوارڈ فلم ‘دی پاور آف دی ڈوگ’ کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں فلم بیل فاسٹ، کوڈا، ڈیون اور کنگ رچررڈ نامزد تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے