English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روس اور یوکرین کے درمیان تنازع ہے کیا؟

روس اور مغربی ممالک کے درمیان یوکرین کے معاملے پر کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور نیٹو نے مشرقی یورپ میں اپنی افواج اور بحری بیڑوں کی تعداد بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ امریکہ نے بھی یوکرین پر ممکنہ روسی جارحیت کے پیش نظر ساڑھے آٹھ ہزار اہلکاروں کو ہائی الرٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیٹو کے اقدام سے اندازہ ہوتا ہے کہ مغربی ممالک نے یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے کے مقابلے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

روس اگرچہ یوکرین کی سرحد پر ایک لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر چکا ہے لیکن ساتھ ہی یوکرین پر حملے کے عزائم سے انکار کرتا ہے۔ لیکن یوکرین کے معاملے پر روس اور مغربی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔

حالیہ کشیدگی کا آغاز گزشتہ برس سے ہوا ہے لیکن یوکرین اور روس کے درمیان تنازعات کی تاریخ طویل ہے۔

تاریخی پس منظر

سوویت یونین میں شامل ہونے سے قبل یوکرین روسی سلطنت کا حصہ تھا۔ 1991 میں سوویت یونین کے خاتمہ ہوا تو یوکرین سمیت 14 آزاد ریاستیں قائم ہوئیں۔لیکن یوکرین کو علیحدہ ملک کے طور پر تسلیم کرنا کئی تاریخی اسباب سے روس کے لیے مشکل رہا ہے۔

روس اور یوکرین کے تعلق کی تاریخ نویں صدی شروع ہوتی ہے جب کیف قدیم روسی سلطنت کا دار الحکومت بنا تھا اور988 میں شہزادہ ولادیمر نے روس کو آرتھوڈکس مسیحیت سے متعارف کرایا تھا۔آج یہی شہر یوکرین کا دارالحکومت ہے۔

سن 1654 میں روس اور یوکرین ایک معاہدے کے تحت زارِ روس کی سلطنت میں متحد ہوگئے تھے اور بعد میں یہ سوویت یونین میں بھی ساتھ رہے۔

اٹلانٹک کونسل کے لیے اپنے ایک مضمون میں سابق سفارت کار بوہڈان وٹوٹسکی نے لکھا ہے کہ سوویت یونیں میں شامل ہونے سے قبل روسی سلطنت کے دور ہی سے یوکرین کی علیحدہ شناخت برقرار رکھنے کی کوششوں کو دبایا گیا۔ اس کے لیے یوکرین کی زبان پر بھی کڑی پابندیاں عائد کی گئیں۔

ان کے مطابق 1917 کے کے انقلاب کے بعد بھی بالشویک فوجوں نے یوکرین پر حملے جاری رکھے اور یوکرین کے علیحدہ ملک بننے والی کسی آواز کو سر نہیں اٹھانے دیا۔

وٹوٹسکی کے بقول یوکرین کی علیحدہ حیثیت کو تسلیم نہ کرنا وہ واحد نکتہ تھا جس پر روس میں انقلاب لانے والے اور ان کی مخالف روسی فوج دونوں یکساں مؤقف رکھتے تھے۔

روس میں انقلاب کے بعد 1920 سے 1930 کے دوران سوویت آمر جوزف اسٹالن نے یوکرین کو علیحدہ ریاست بننے کے امکانات ختم کرنے کے لیے وہاں کے دانشوروں اور کسانوں کے خلاف دہشت گردی کی منظم کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا۔سوویت دور کے آخری برسوں تک یوکرین کی علیحدہ حیثیت کے حامیوں کے خلاف سخت پالیسیاں نافذ رہیں۔

اس تاریخی پس منظر کی وجہ سے آزادی کے بعد یوکرین نے مغربی ممالک سے اپنے روابط بڑھانا شروع کیے۔

نیٹو نے بھی مشرقی یورپ میں اپنا دائرہ اثر بڑھانے کے لیے کئی ممالک کو دفاعی اتحاد کا حصہ بنانا شروع کیا۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد سوویت یونین ایک بالادست قوت کے طور پر ابھری تھی۔ اسی لیے سرد جنگ ختم ہونے کے بعد سوویت یونین کا حصہ رہنے والے یورپی ممالک نے روس کے اثر سے نکلنے کے لیے نیٹو کا رُخ کرنا شروع کیا۔ یوکرین بھی ان ممالک میں شامل تھا۔ لیکن سوویت یونین میں شامل دیگر ممالک کے مقابلے میں یوکرین کی نیٹو میں شمولیت روس کے لیے ایک حساس معاملہ رہا ہے۔

یوکرین کی داخلی سیاست اور روس کے خدشات

یوکرین ایک کمزور معیشت ہے اور اس کی سیاست میں روس کے حامی اور مغربی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی حمایت کرنے والے گروہوں میں کشمکش جاری رہتی ہے۔


فائل فوٹو: کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے چہرے کے ماسک پہنے ہوئے مسافر پیر، 15 جون، 2020 کو یوکرائن کے دارالحکومت کیف کے باہر بوریسپل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سامان لے کر جا رہے ہیں۔ (اے پی فوٹو/ایفریم لوکاٹسکی)

فائل فوٹو: کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے چہرے کے ماسک پہنے ہوئے مسافر پیر، 15 جون، 2020 کو یوکرائن کے دارالحکومت کیف کے باہر بوریسپل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سامان لے کر جا رہے ہیں۔ (اے پی فوٹو/ایفریم لوکاٹسکی)

روس کی جانب جھکاؤ رکھنے والے یوکرین کے اس وقت کے صدر وکٹور یانوکووچ نے 2014 میں ماسکو سے تعلقات بڑھانے کے لیے یورپی یونین سے منسلک ہونے کا معاہدہ مسترد کر دیا جس کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا۔اس احتجاجی لہر کے نتیجے میں یانوکووچ کو اقتدار چھوڑنا پڑا۔

علاقائی سیاست میں روس نے اسے اپنے لیے پسپائی تصور کیا اور اس کے ردعمل میں 2014 میں یوکرین کے علاقے کرائمیا پر حملہ کردیا۔

کرائمیا پر روس کے قابض ہونے کے بعد علیحدگی پسندوں نے مشرقی یوکرین میں پیش قدمی شروع کر دی۔یوکرین کے مشرقی صنعتی مرکز ڈونباس میں روس کے کئی حمایت یافتہ علیحدگی پسند گروہ سرگرم ہیں اور وہاں ہونے والی لڑائی میں 14 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔لڑائی میں شدت آنے کے بعد یوکرین کے مقابلے میں علیحدگی پسندوں کو پسپائی ہونے لگی تو روس نے ان کی مدد کے لیے مشرقی یوکرین پر حملہ کر دیا۔

جرمنی اور فرانس کی مصالحت سے 2015 میں یوکرین میں جنگ بندی ہوئی لیکن صورت حال کا کوئی سیاسی تصفیہ نہیں ہوسکا اور وقتاً فوقتاً جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔

گزشتہ برس کے دوران مشرقی یوکرین میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہو گیا اور اس وقت جنگ کے خطرات منڈلانے لگے جب روس نے یوکرین کی سرحد پر بڑی تعداد میں فوج تعینات کر دی۔

روس کے حالیہ اقدامات

گزشتہ ماہ امریکہ کے انٹیلی جینس حکام کو معلوم ہوا کہ روس یوکرین کی سرحد پر ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ان میں سے نصف سے زائد پہلے ہی سے یوکرین کی سرحد پر مختلف مقامات ممکنہ حملے کی تیاریوں کے لیے موجود ہیں۔

گزشتہ ماہ یوکرین کے وزیرِ دفاع نے تصدیق کی تھی کہ روس کے زیرِ انتظام کرائمیا میں 94ہزار سے زائد روسی فوجی تعینات ہیں۔ انہوں نے رواں برس جنوری میں کسی ممکنہ تصادم کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔

’روس نیٹو ممالک کے لئے مشترکہ خطرہ‘





please wait



No media source currently available

روس نے اس بارے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پر فوج تعینات کررہا ہے جس کی وجہ سے کسی اور کو پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے؟

روس یوکرین پر 2015 کی جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کے لیے مغربی ممالک کو بھی موردِ الزام ٹھہراتا ہے۔

اس معاہدے کو روس کی کامیابی قرار دیا جاتا تھا کیوں کہ اس کے ذریعے یوکرین کو باغیوں کے زیر اثر علاقوں کو زیادہ سے زیادہ خود مختاری دینے کا پابند کیا گیا تھا۔ اس معاہدے میں یوکرین نے علیحدگی پسندوں کے لیے عام معافی کی پیش کش بھی کی تھی۔ یوکرین بھی روس پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا ہے۔ روس کی تردید کے باجود یوکرین کا اصرار ہے کہ اس کے مشرقی خطے میں روسی فوجی موجود ہیں۔

حالیہ کشیدگی کے بعد روس جرمنی، فرانس اور جرمنی کی شمولیت کے ساتھ مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کر چکا ہے۔

یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے اور اس کے ساتھ جنگی مشقیں کرنے پر روس امریکہ اور نیٹو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتا ہے۔ روس کا الزام ہے کہ امریکہ اور نیٹو یوکرین کو باغیوں سے 2014 میں لیے گئے علاقے واپس لینے کے لیے طاقت کے استعمال پر اکسا رہے ہیں۔

یوکرین نیٹو کا رکن نہیں ہے لیکن 2008 سے عندیہ دے رہا ہے کہ وہ جلد اس اتحاد کا حصہ بن جائے گا۔ 2014 میں روس کی حمایت یافتہ حکومت کو تختہ الٹنے کے بعد سے یوکرین مغربی ممالک کے قریب ہوا ہے۔ یوکرین نے نیٹو کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کی ہیں، امریکہ سے ٹینک شکن میزائل اور ترکی سے ڈرون بھی حاصل کیے ہیں۔

کرائمیا کا کنٹرول سنبھالنے اور مشرقی یوکرین میں باغیوں کی مدد کے تناظر میں یوکرین اور امریکہ اپنے بڑھتے ہوئے باہمی تعاون کو درست اقدام قرار دیتے ہیں۔ مبصرین یوکرین نیٹو اور امریکہ سے بڑھتے ہوئے تعاون کو بھی روس کے حالیہ اقدامات کا سبب قرار دیتے ہیں۔

پوٹن کیا چاہتے ہیں؟

روس کے صدر پوٹن کو خدشہ ہے کہ مغربی ممالک سے بڑھتے ہوئے تعاون کی وجہ سے یوکرین روس کے خلاف نیٹو کے میزائلز کا لانچ پیڈ بن جائے گا۔صدر پوٹن نے جولائی 2021 میں اپنے ایک مضمون لکھا تھا کہ روس اور یوکرین کے تعلقات کی بات ہوتی ہے میں یہی کہتا ہوں کہ ہم تاریخی طور پر ایک ہی ہیں۔ وہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کو ریڈ لائن قرار دیتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق پوٹن ایک ایسے لیڈر ہیں جو داخلی سطح پر بھی مخالفت برداشت نہیں کرتے۔ انہیں اس بات کا شدید خطرہ ہے کہ روس کے پڑوسی ممالک میں انقلاب روس میں احتجاج کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بن سکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بیلاروس میں الیگزینڈر لوکاشینکو کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں حکومت کا ساتھ دیا۔ وہ یوکرین کی نیٹو اور یورپی یونین میں شرکت اور وہاں جمہوریت کی مضبوطی کو اپنے لیے خطرہ محسوس کرتے ہیں۔

بعض مبصرین یوکرین کے معاملے پر صدر پوٹن کی حالیہ مہم جوئی کو ان کے سیاسی مقاصد کا نتیجہ قرار ردیتے ہیں۔یوکرین پر کشیدگی برقرار رکھ کر پوٹن روس میں یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ روس کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

رائٹرز کے مطابق گزشتہ برس اپنے ایک انٹرویو میں پوٹن نے کہا تھا کہ سوویت یونین کا خاتمہ ’تاریخی روس‘ کا خاتمہ تھا جو ایک ہزار سال میں تعمیر ہونے والا ورثہ تھا۔

رائٹرز کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ پوٹن اپنی سیاسی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے لیے یوکرین کو اپنے ’نامکمل ایجنڈے‘ کے طور پر ظاہر کرتے ہیں کیوں کہ کرائمیا پر قابض ہونے کے بعد روس میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا تھا۔

کیا روس حملہ کرسکتا ہے؟

روس تاحال یوکرین پر حملے کے امکانات کو مسترد کرتا رہا ہے۔ اس سے قبل یوکرین کی سرحد پر حالات کشیدہ ہونے کے بعد روس نے نیٹو سے چند ضمانتیں مانگی تھیں جن میں یہ بات بھی شامل تھی کہ نیٹو اس کی سرحد کے ساتھ کارروائیاں نہیں کرے گا اور یوکرین کو مغربی فوجی اتحاد میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ روس یہ مطالبہ بھی کرتا ہے کہ نیٹو میں یوکرین کی شمولیت کے معاملے پر اسے ویٹو کا حق دیا جائے۔

امریکہ اور نیٹو ان مطالبات کو مسترد کر چکے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ یوکرین کسی بھی اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یوکرین کی سرحد پر فوجی قوت بڑھا کر روس نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ نیٹو میں یوکرین کی شمولیت کے معاملے پر روسی مؤقف تسلیم کرانے کے لیے کسی بھی حد تک دباؤ بڑھا سکتا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اگرچہ روس کے عزائم واضح نہیں ہیں لیکن ماضی میں اس کا طرزِ عمل تشویش کا باعث ضرور ہے۔

اس تحریر میں شامل بعض معلومات خبر رساں اداروں ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ اور ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے