ویب ڈیسک —
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آج بروز منگل کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔سیریز شروع ہونے سے قبل مہمان ٹیم مشکلات سے دوچار ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہو گا۔
ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر سے شکست کے بعد گرین شرٹس کو ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف بھرپور صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔ مہمان آسٹریلوی ٹیم بھی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
آسٹریلیا نے پاکستان کی سرزمین پر آخری بار 1998 میں تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی تھی جس میں اس نے میزبان ٹیم کو کلین سوئپ کیا تھا۔ گرین شرٹس کے پاس24 برس قبل ون ڈے سیریز میں شکست کا حساب برابر کرنے کے لیے سنہری موقع ہے۔
دونوں ٹیموں نے گزشتہ دو روز کے دوران بھرپور پریکٹس کی ہے۔ سیریز شروع ہونے سے قبل آسٹریلیا کو اپنے چار اہم کھلاڑیوں سے محروم ہونا پڑا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایشٹن اگر کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وہ پیر کو کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
اس سے قبل جوش انگلس کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جن کی جگہ میٹ رینشا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح مچل مارش انجری کی وجہ سے پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکیں گے ، ان کی جگہ کیمرون گرین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈر اسٹیو اسمتھ بھی کہنی کی انجری کی وجہ سے پہلے ہی سیریز سے باہر ہو گئے تھے جن کی جگہ ممکنہ طور پر ٹیسٹ اسپیشلسٹ مارنس لبوشین کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
آسٹریلیا کی ممکنہ گیارہ رکنی ٹیم کپتان ایرون فنچ، بین میک ڈرموٹ، مارنس لبوشین، ٹریوس ہیڈ، مارکس اسٹونس، کیمرون گرین، الیکس کیری، سین ایبٹ، بین ڈرسہس، ایڈم زمپا اور نیتھ ایلس پر مشتمل ہو سکتی ہے۔
اسی طرح میزبان پاکستان کی ٹیم میں اوپننگ بلے باز فخر زمان، فاسٹ بالر حارث رؤف، آصف آفریدی اور محمد حارث کا اضافہ ہوا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان کی ممکنہ گیارہ رکنی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، محمد حارث، فہیم اشرف، آصف آفریدی، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہو سکتے ہیں۔
