English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم شہباز شریف کا پہلا دورۂ کراچی، عمران خان بھی جلسوں کے لیے تیار

القمر

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان بھی آج سے اپنی ایک نئی سیاسی جدوجہد کا آغاز کر رہے ہیں۔ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد عمران خان کا پہلا جلسہ بدھ کو پشاور میں ہو رہا ہے۔

شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کے بعد یہ پہلا دورۂ کراچی ہے۔ اس دورے میں وہ بانیٔ پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دیں گے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف اپنے دورے میں ترقیاتی منصوبوں پر اہم مشاورت بھی کریں گے۔اس کے علاوہ وہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مرکز بہادرآباد بھی جائیں گے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد شہباز شریف نے 11 اپریل کو ملک کے 23ویں وزیراعظم کا حلف اٹھایا تھا۔

ادھر عمران خان آج سے اپنے احتجاجی جلسوں کا آغاز کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نےسب سے پہلے پشاور کا انتخاب کیا ہے۔

عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہےکہ وہ بدھ کی رات پشاور میں جلسے سے خطاب کریں گے جو ان کے بقول بیرونی اشاروں پر حکومت کی تبدیلی کے بعد ان کا پہلا جلسہ ہوگا۔

عمران خان تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے انہیں عہدے سے ہٹانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ اس سب معاملے کے پیچھے مبینہ بیرونی سازش تھی۔

انہوں نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے کے دوران ایک مبینہ خط لہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خاتمے کے لیے بیرونی سازش کی جا رہی ہے جس میں اندرونی طور پر کچھ لوگ ملوث ہیں۔

بعد ازاں ان کے خلاف اس وقت کی متحدہ اپوزیشن کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہو گئی تھی اور وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے تھےجنہیں تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں وزارتِ عظمیٰ سے سبک دوش ہونا پڑا۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ پاکستان غیرملکی طاقتوں کی ایک کٹھ پتلی کے طور پر نہیں بلکہ ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر معرض وجود میں آیا تھا۔ ہم فوری انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں کیوں کہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے عوام کو فیصلے کا موقع دیا جائے کہ وہ کسے اپنا وزیراعظم منتخب کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان اور حمایتیوں نے ملک بھر میں مظاہرہ کیا تھا۔ بعد ازاں پی ٹی آئی نے ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں کا اعلان کردیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے