ویب ڈیسک —
امریکہ نے پاکستان کے نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ واشنگٹن اسلام آباد حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاکستان امریکہ کا اہم شراکت دار رہا ہے اور ہم اس تعلق کو اہمیت دیتے ہیں۔
امریکہ کی جانب سے شہباز شریف کو ایسے موقع پر مبارکباد کا پیغام بھیجا گیا ہے جب سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے امریکہ پر تواتر سے الزامات لگائے گئے کہ ان کی حکومت گرانے کی سازش امریکہ نے کی ہے جس کے آلہ کار مقامی لوگ بنیں ہیں۔
تاہم امریکہ نے بارہا ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ عمران خان کے بیانات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اپنے بیان میں پاکستان کے نئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔
اینٹنی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکہ مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو دیکھتا ہے جو دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عالمی رہنماؤں کی جانب سے عہدہ سنبھالنے پر مبارکبادوں کاسلسلہ جاری ہے۔ اب تک چین، سعودی عرب، ترکی اور روس کی جانب سے وزیرِ اعظم پاکستان کو مبارک باد دی جا چکی ہے۔
