ویب ڈیسک —
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں پیر کو عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں بھی بعض حصوں میں عید کے اجتماعات ہوئے ہیں۔
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں سرکاری طور پر آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ نمازِ عید کے لیے مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں بڑے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اسی طرح کراچی میں بھی بوہری برادری کی جانب سے عیدالفطر منائی جا رہی ہے جس کے لیے سب سے بڑا اجتماع طاہری مسجد میں ہوا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے دیگر تین صوبوں میں سرکاری سطح پر عید منگل کو منائی جائے گی۔ اس سے قبل شمالی وزیرستان میں اتوار کو ہی عید منائی گئی تھی۔
ایک ہی ملک میں تین الگ الگ دن عید منانے پر سوشل میڈیا صارفین کی میمز بھی وائرل ہیں۔ کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ عید منانے والے کو عید مبارک تو کوئی سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے عید کے موقع پر خصوصی پیغام کو یاد کرا رہا ہے۔
جہانزیب انور نامی ٹوئٹر صارف نے نمازِ عید کے بعد لی گئی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عید مبارک لیکن عمران خان نے جو کہا تھا وہ نہ بھولیں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے چند روز قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ جب آپ ایک دوسرے سے عید ملیں تو کان میں کہیں ‘امپورٹڈ حکومت نامنظور۔’
نمازِ عید کے بڑے اجتماعات کا انعقاد سعودی عرب کے شہر مکہ اور مدینہ میں ہوا۔ مسجدِ نبوی میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی جس کے لیے مسجد کے اندرونی و بیرونی احاطوں سمیت قریب واقع سڑکوں پر بھی نماز کی ادائیگی کے لیے اہتمام کیا گیا تھا جب کہ مسجد الحرام میں نمازِ عید کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
دنیا بھر سے مسلم برادری کو عید کے موقع پر مبارکبادوں کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈ ن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں برس عید الفطر کے موقع پر ہم دنیا بھر میں ان لاکھوں بے گھر افراد اور پناہ گزینوں کو اپنے دلوں میں یاد کر رہے ہیں جو اپنے خاندانوں سے الگ اور اپنے مستقبل کے بارے میں بے یقینی میں گزار رہے ہیں لیکن پھر بھی ایک روشن کل کی امید رکھتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری صدر بائیڈن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ میں بسنے والے مسلمان عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، آئیے ہم تمام عقائدکا احترام کرنے کے اپنے بنیادی عزم کے لیے اپنی لگن کی تجدید کریں۔
کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مسلم کمیونٹی کے لیے رمضان بہت اہمیت کا حامل ہے جس میں وہ عبادات کرتے ہیں اور روزے رکھتے ہیں، یہ مہینہ مسلم کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں مسلمانوں کو تشویش ہے کہ اسلاموفوبیا تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں مسلمان رجائیت پسند اور پُر امید ہیں۔ ان کے بقول کینیڈا ایک متنوع ملک ہے جہاں ہر کوئی خود کو محفوظ سمجھتا ہے۔ مسلم کمیونٹی نے ملک کے لیے کئی خدمات پیش کی ہیں اور آج ہم ان خدمات کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ ان کے خاندان کی طرف سے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارک۔
