English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آنگ سان سوچی کی سزائےقید کے خلاف اپیل مسترد

القمر

میانمار کی سپریم کورٹ نے معزول رہنما آنگ سان سوچی کو پانچ سال قید کی سزا دینے کے خلاف دائر اپیل پر بدھ کو فیصلہ سناتے ہوئے، اسے مسترد کردیا ہے۔

عدالت نے یہ فیصلہ اپیل دائر کیے جانے کے فوری بعد اور دونوں جانب کے دلائل سنے بغیر سنایا ہے۔

چھہتر سالہ سوچی کو گزشتہ ہفتے چھ لاکھ ڈالر مالیت کی نقدی اور سونے کی سلاخوں کی رشوت لینے سمیت بدعنوانی کے گیارہ مختلف مقدمات میں قصور وارٹھہرائے جانے پر سزا سنائی تھی۔ ان کے وکیل نے ان پر عائد الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

سوچی کو پہلے ہی فوج کے خلاف کارروائیوں، کووڈ نانٹین کے ضابطوں کی خلاف ورزی اور ٹیلی کمیونیکشن کے ایک قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں چھ سال قید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔



سوچی کو اور بھی بہت سے الزامات کا سامنا ہے اور اگر وہ ان مقدمات میں قصوروار پائی گئیں تو انھیں مجموعی طور پر ڈیرھ سوسال سے زائد قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ وہ گزشتہ سال ملک میں فوجی بغاوت کے بعد سے نظر بند ہیں۔

یکم فروری 2021ء کو بغاوت کے بعد فوجی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ ایسوسی ایشن فار پولیٹکل پریزنرز برما کے مطابق حکومت نے بہت سے معاملات میں پر تشدد طریقے سے کریک ڈاون کیا جس میں 1800 سے زائد شہری ہلاک اور دس ہزار سے زیادہ گرفتار ہوئے۔ ان گرفتار لوگوں پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے اور ان میں سے بعض کو تو سزا بھی سنائی جاچکی ہے۔

(اس رپورٹ میں شامل کچھ معلومات رائٹرز اور اے پی سے لی گئی ہے)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے