ویب ڈیسک۔ امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا ہے اور انہیں بطور وزیرخارجہ ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ اور پاکستان امن، ترقی اور سیکیورٹی کے معاملات پر تعاون کو فروغ دیں گے۔
پاکستان کے نئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ایک ٹویٹ میں اینٹنی بلنکن کی طرف سے ٹیلی فون کال کی تصدیق کی ہے اور اس ٹویٹ میں امریکی وزیر خارجہ کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ساتھ ہی، وزارت خارجہ نے بھی اس اعلیٰ سطحی رابطے کی ایک ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کی ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر (اینٹنی بلنکن کی طرف سے) پر جوش مبارکباد پر شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں رہنماوں نے باہمی مفاد اور احترم پر مبنی وسیع تر تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، اور امن، ترقی اور سیکیورٹی کے امور پر مل کر آگے کی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ٹیلی فونک رابطے کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ نے اپنے اعلامیے میں بتایا ہے کہ وزیر خارجہ بلنکن نے افغانستان میں استحکام اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں کے لیے امریکہ اور پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ اعلامیے کے مطابق اینٹنی بلنکن نے بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع تر تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا ایک بار پھر اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری تعاون کے بارے میں بھی بات کی۔ اعلامیے کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ اس برس پاک امریکہ تعلقات کو پچہتر سال پورے ہو جائیں گے اور امریکہ اس تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
امریکہ سیکیورٹی معاملات پر کیسے تعلقات چاہتا ہے؟
امریکہ کے محکمہ خارجہ کی جانب سے گزشتہ روز بھی کہا گیا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہش مند ہے۔
محکمہ خارجہ نے وائس آف امریکہ کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا ماضی کی طرح پاکستان اور امریکہ کے درمیان اب بھی دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں کسی قسم کے تعاون کی توقع کی جا سکتی ہے؟ ترجمان وزارت خارجہ کے دفتر نے تحریری جواب میں بتایا تھا کہ، ’’ ہم انسداد دہشت گردی پر پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں اور تمام عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلا امتیاز، مستقل کارروائی کی توقع رکھتے ہیں۔ ہم دونوں ممالک دہشت گردی کی لعنت سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ہم علاقائی اور عالمی دہشت گردی کے تمام خطرات کو ختم کرنے کے لیے تعاون پر مبنی کوششوں کے خواہاں ہیں۔”
No media source currently available
پاکستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کے بارے میں محکمہ خارنہ نے مزید بتایا کہ’ ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورہميں باہمی دلچسپی کے شعبوں جیسا کہ انسداد دہشت گردی اور سرحدی سلامتی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔”
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں اتحادی جماعتوں کی حکومت کی تشکیل کے بعد 27 اپریل کو ملک کے کم عمر ترین وزیر خارجہ کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ اس سے قبل یہ اعزاز کسی اور کو نہیں بلکہ بلاول بھٹو کے نانا، سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو حاصل تھا۔
بلاول بھٹو نے جب وزیر خارجہ کے طور پر حلف اٹھایا تو ان کی عمر اس وقت 33 سال، سات ماہ اور چھ دن تھی۔
پاکستان کے ایک نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اس ماہ امریکہ کا دورہ کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں تاریخ کا تعین کیا جا رہا ہے۔
