ویب ڈیسک —
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر عمر گل کو افغانستان کرکٹ ٹیم کا بالنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ آئندہ ماہ افغانستان کے دورۂ زمبابوے میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے بدھ کو اعلان کیا کہ عمر گل قومی کرکٹ ٹیم کے نئے بالنگ کوچ ہوں گے۔
عمر گل نے اپریل میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے تربیتی اور تیاری کیمپ میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور بالنگ کنسلٹنٹ کام کیا تھا۔
اسی کیمپ میں سابق پاکستانی کپتان یونس خان کو بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ماضی میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف بھی افغانستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
اے سی بی کے مطابق عمر گل نے بطور کنسلٹنٹ افغان فاسٹ بالرز کے ساتھ کام کیا جن کی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں بطور بالنگ کوچ مستقل کانٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمر گل کا افغان کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ مقرر ہونے پر کہنا تھا کہ وہ ایک مرتبہ پھر توانا اور محنت کش لڑکوں کے گروہ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم اپنے دورۂ زمبابوے میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ یہ میچز چار سے 14 جون کے درمیان ہرارے میں کھیلے جائیں گے۔
تینوں ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
عمر گل نے سال 2020 میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے 47 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے 163 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ وہ 130 ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 179 وکٹیں حاصل کیں۔
عمر گل نے اپنے کریئر میں پاکستان کی طرف سے 60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلے جس میں انہوں نے 85 وکٹیں حاصل کیں۔
