ویب ڈیسک —
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کی فارن فنڈنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی جانب سے 2014 میں الیکشن کمیشن میں دائر کردہ کیس پر آٹھ برس تک سماعتیں ہوتی رہیں۔
منگل کو کمیشن نے کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تو تحریکِ انصاف کی جانب سے وکیل شاہ خاور پیش ہوئے جب کہ درخواست گزار اکبر ایس بابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ کمیشن محفوظ فیصلہ کب سنائے گا تاہم درخواست گزار کا کہنا ہے کہ وہ شکر گزار ہیں کہ انہیں یہ دن دیکھنا نصیب ہوا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ ہو گیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے 24 اپریل کو فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ہفتے میں کرنے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔ جس پر عدالت نے سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو سنگل بینچ کے حکم پر عمل درآمد سے روک دیا تھا۔
تحریک انصاف کا مؤقف رہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں صرف تحریک انصاف پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جب کہ باقی سیاسی جماعتوں کے فنڈنگ معاملات بھی الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہیں۔