English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیدر لینڈز چین کو چپ کی برآمد پر امریکی پابندیوں کی حمایت کرے: صدر بائیڈن

صدر بائیڈن نے منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں نیدرلینڈز کے وزیر اعظم مارک روٹا کی میزبانی کی اور زور دے کر کہا کہ نیدرلینڈز چپ سازی کی ٹیکنالوجی کی برآمد سے متعلق چین پر نئی امریکی پابندیوں کی حمایت کرے۔ یہ بیجنگ کے خلاف واشنگٹن کی مسابقت کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے ۔

اپنی ملاقات سے قبل نامہ نگاروں سے ایک مختصر گفتگو میں بائیڈن نے کہا کہ وہ اور روٹا چین کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک آزاد اور کھلے انڈو پیسفک خطے کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنیوں ، ہمارے ملکوں کے درمیان اب تک صرف مستقبل کی اپنی سرمایہ کاریوں پر معمول کی گفتگو ہوتی رہی ہے۔ آج میں اس بارے میں گفتگو کا منتظر ہوں کہ ہم اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کیسے کر سکتے ہیں اور اپنی ٹرانس اٹلانٹک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی سپلائی چینز کو کس طرح محفوظ بنا سکتے ہیں ۔

دنیا کا جدید ترین سیمی کنڈکٹر لتھو فرامی سسٹم بنانے والی کمپنی اے ایس ایم ایل ہولڈنگ این وی ، کا ہیڈکوارٹرز ویلڈہوون میں ہے۔ اسی لیے واشنگٹن کے لیے بیجنگ سے چپ سازی میں مسابقت کے حوالے سے نیدرلینڈز ایک انتہائی اہم ملک بن گیا ہے ۔

روٹا کے دورےسے قبل ہالینڈ کی وزیر تجارت لیاجی شرائینا مکر نے کہا کہ نیدر لینڈز یورپی اور ایشیائی اتحادیو ں سے مشاورت کررہا ہے اور وہ امریکی کامرس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اکتوبر میں شروع کی گئی نئی پابندیوں کو از خود قبول نہیں کرے گا۔


 صدر بائیڈن مشی گن بے سٹی میں کمپیوٹر چپس کمپنی میں مصنوعات سازی اور معیشت پر گفتگو کر رہے ہیں : فوٹو اے پی 29 نومبر 2022

 صدر بائیڈن مشی گن بے سٹی میں کمپیوٹر چپس کمپنی میں مصنوعات سازی اور معیشت پر گفتگو کر رہے ہیں : فوٹو اے پی 29 نومبر 2022

روٹا نے بائیڈن سے اپنی ملاقات سے قبل سیمی کنڈکٹر کے مسئلے کا ذکر نہیں کیا تھا اور اس کی بجائے وہ یوکرین پر روسی حملے پر مرکوز رہے جہاں نیٹو اتحادی کیف کی مدد کے لیے مل کرکام کرتے رہے ہیں۔

روٹا نے کہا کہ آئیے ہم اس سال قریبی رابطے میں رہیں اور امید ہے کہ حالات اس سمت میں بڑھیں گے جو یوکرین کےلیے قابل قبول ہوں گے۔

چین ایس ایم ایل کی مصنوعات کا ایک بڑا گاہک ہے ۔ کمپنی کے سی ای او پیٹر ویننگ نے اکتوبر میں برآمدی کنٹرو ل کےامریکی ضابطوں کے اثر کی اہمیت کو گھٹا کر بیان کیا تھا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ابتدائی اندازے کے مطابق ان نئی پابندیوں سے اے ایس ایم ایل کی جانب سے لیتھو گرافی کے آلات کو نیدر لینڈز سے باہر بھیجنے کے ضابطوں پر کوئی فر ق نہیں پڑے گا اور ہمیں توقع ہے کہ اے ایس ایم ایل کے 2023 کے ترسیل کے مجموعی منصوبے پر براہ راست کچھ زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔

بائیڈن نیدر لینڈز ، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات مضبوط کررہے ہیں جہاں سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کی سپلائی چین میں اہم کردار کرنے والی معروف کمپنیاں واقع ہیں ۔

گزشتہ ہفتے انہوں نے جاپانی وزیر اعظم فیومو کیشیدا سے ملاقات کی جنہوں نے کہا کہ وہ بائیڈن کی کوشش کی تائید کرتے ہیں لیکن وہ چین کی سیمی کنڈکٹر اور سپر کمپیوٹر انڈسٹریز کو مکمل طورپر ختم کرنے پر متفق نہیں ہوئے تھے ۔

امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ چپس کی برآمد پر پابندیاں ضروری ہیں کیوں کہ چین سیمی کنڈکٹرز کو اپنے فوجی نظاموں کو جدید بنانے کے لیے استعمال کر سکتا ہے جس میں وسیع تباہی کے ہتھیار اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب شامل ہے۔

اکتوبر میں عائد کی گئی پابندیاں امریکی کانگریس کی جانب سے جولائی میں چیپس ایکٹ 2022کی منظوری کے بعد سامنے آئیں جس کا مقصد ملک کی سیمی کنڈکٹر کی مصنوعات سازی ، ڈیزائن اور ریسرچ کو مستحکم کرنا اور امریکہ کی چپ سپلائی چینز کو تقویت دینا ہے ۔

اس رپورٹ کا کچھ مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے