English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بائیڈن کا امریکی فضا میں نامعلوم اشیا کی پروازوں کے خلاف سخت ضابطے بنانے کا اعلان

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ فضا میں نامعلوم اشیاء کی نگرانی، ان کا پیچھا کرنے اور انہیں مار گرانے کے لیے سخت ضابطے بنا رہا ہے۔ صدر نے یہ بات جمعرات کو ایسے میں کہی جب تین ہفتے سے امریکی فضائی حدود میں جاسوسی کے مشتبہ چینی غبارے کی موجودگی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

صدر بائیڈن نے اپنے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک محکمانہ ٹیم تشکیل دیں جو چینی غبارے اور تین دیگر اشیاء کو مارگرائے جانے کے بعد اس سلسلے میں امریکی طریقۂ کار کا جائزہ لے گی۔

ان دیگر تین اشیاء کے بارے میں امریکہ کا اب خیال ہے کہ یہ بے ضرر تھیں اور کسی طرح سے بھی ان کا چین سے تعلق ظاہر نہیں ہوتا۔ صدر نے کہا کہ خیال یہ ہے کہ انہیں نجی کمپنیوں اور تحقیقاتی اداروں نے فضا میں بھیجا تھا۔


امریکی نیوی کے اہل کار نارتھ کیرولائنا کے قریب گرائے جانے والے چینی غبارے کا ملبہ تلاش کر رہے ہیں۔ 7 فروری 2023

امریکی نیوی کے اہل کار نارتھ کیرولائنا کے قریب گرائے جانے والے چینی غبارے کا ملبہ تلاش کر رہے ہیں۔ 7 فروری 2023

صدر بائیڈن نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئے ضابطے ایسی اشیاء میں فرق کرنے میں مدد دیں گےجو ممکنہ طور پر حفاظت اور سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتی ہوں اور جن کے خلاف عملی قدم اٹھانا ضروری ہو اور وہ جو بے ضرر ہوں۔

صدر نے کہا، ’’بے فکر رہیں، اگر کوئی ایسی چیز ہوئی جو امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو خطرے میں ڈالتی ہو تو میں اسے مار گراؤں گا۔‘‘

چین کے نگرانی کے غبارے کو گرانے کا واقعہ، زمانۂ امن میں امریکی فضائی حدود میں غیر قانونی طور پر آنے والے فضائی آبجیکٹ کو مار گرانے کا پہلا ایسا واقعہ تھا جب کہ اس کے بعد تین مزید فضائی آبجیکٹ مارگرائے گئے۔


امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے روانگی سے محض چند گھنٹے قبل اپنا چین کا دورہ ملتوی کر دیا۔

امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے روانگی سے محض چند گھنٹے قبل اپنا چین کا دورہ ملتوی کر دیا۔

صدر بائیڈن نے چین کے نگرانی کے نظام پر سخت تنقید کی اور کہا،’’ ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے۔‘‘

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ بیجنگ کے ساتھ رابطے کھلے رکھنا چاہتے ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ انٹنی بلنکن نے چینی غبارے کے امریکی فضائی حدود میں پائے جانے کے بعد چین کا اپنا پہلا دورہ ملتوی کر دیا تھا اور اب اس بارے میں بہت زیادہ قیاس آرائیاں ہیں کہ بلنکن میونخ سیکیورٹی کانفرنس کےموقع پر جس کے لیے وہ یورپ روانہ ہو رہے ہیں، چینی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ عہدیدار وانگ یی سے ملاقات کر سکتے ہیں جو میونخ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

صدر بائیڈن نے کہا،’’ توقع ہے کہ صدر شی سے میری بات ہوگی اور مجھے امید ہے کہ ہم معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے۔ لیکن میں غبارہ گرائے جانے پر کوئی معذرت نہیں کروں گا۔‘‘

کیا امریکی فضائی حدود میں چینی غبارہ واقعی جاسوسی کررہا تھا؟





please wait



No media source currently available

اب تک صدر بائیڈن نے گرائی جانے والی اشیاء کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا تھا جن میں سے ایک جمعے کو الاسکا کے ساحل سے پرے، دوسری ہفتے کو کینیڈا کی حدود میں اور تیسری اتوار کے روز لیک ہیورون Lake Huron میں گرائی گئ۔

پیر کے روز وائٹ ہاؤس نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ایسے کوئی آثار نہیں ملے کہ یہ کسی خلائی مخلوق یا کسی غیر ملک کی کارروائی ہے۔

بدھ کے روز امریکی عہدیداروں نے کہا کہ وہ اب بھی ان کا ملبہ تلاش کر رہے ہیں تاہم انہیں توقع ہے کہ ان تینوں اشیاء کا نگرانی کے کسی عمل سے تعلق نہیں ہے۔

(اس خبر میں مواد اے پی سے لیا گیا ہے)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے