کراچی:رمیز راجا نے شعیب اختر کو خیالی سپر اسٹار کا لقب دے دیا۔
سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے حال ہی میں بابراعظم، کامران اکمل اور شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں متنازع بیانات دیے ہیں، انھوں نے کپتان کو مشورہ دیا کہ اگر وہ ویراٹ کوہلی کی طرح ایک برانڈ بننا چاہتے ہیں تو اپنی انگریزی ٹھیک کریں، اسی طرح انھوں نے کامران اکمل کے اسکرین کہنے کے تلفظ کا بھی مذاق اڑایا، شاہین کے بارے میں کہا کہ اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو دونوں گھٹنے تڑوا لیتا مگر پاکستان کے لیے ورلڈکپ فائنل میں اوور ضرور مکمل کرتا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں رمیز راجا نے کہا کہ شعیب اختر کو سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے بارے میں غیرضروری بیانات سے اجتناب برتنا چاہیے، وہ ایک خیالی سپر اسٹار ہیں، ان کا کامران اکمل کے ساتھ بھی مسئلہ رہا ہے،وہ چاہتے ہیں کہ ہرکوئی برانڈ بن جائے لیکن پہلے انسان بننا سب سے اہم ہے، ہمارے سابق کرکٹرز ایسے بے معنی بیانات سے پاکستان کرکٹ کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، میں نے کبھی یہ چیز اپنے بھارت میں نہیں دیکھی، کبھی آپ نے دیکھا کہ سنیل گاوسکر نے راہول ڈریوڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو، یہ صرف یہیں ہوتا ہے جہاں پر سابق پلیئرز دوسروں کو اپنا کام پروفیشنل انداز میں نہیں کرنے دیتے۔
جب رمیز سے شعیب اختر کی بورڈ کا چیئرمین بننے کے خواہش پر استفسار کیا گیا تو انھوں نے جواب دیا کہ پہلے انھیں گریجویشن مکمل کرنا چاہیے، بورڈ کا سربراہ بننے کا اہل ہونے کیلیے شعیب اختر کو پہلے بی اے کی ڈگری حاصل کرنا ہوگی۔
