لاہور:پاکستان ٹیم کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم ہمارا کپتان ہے، وہ اگلی سیریز میں واپس آئیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈ کاسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ کپتانی سے بطور پلیئر مجھے کافی فرق پڑا ہے، جب عام پلیئر ہوتے ہیں تو اپنے کھیل کا سوچتے ہیں، بطور کپتان ہر کسی سے پرفارمنس لینے کا سوچتے ہیں۔
پاک افغان سیریز پر بات کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ پاکستان کی بینچ اسٹرینتھ کیلئے افغانستان کیخلاف سیریز کافی اہم ہے، جو نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اس کو مکمل سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے نوجوان پلیئرز اچھی فارم میں ہیں، وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ سیریز میں جارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ راشد خان پوری دنیا میں لیگ کھیلتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کی سیریز میں اچھے میچز ہوں گے، افغانستان کے ساتھ ہمارے میچز کافی سنسنی خیز رہے ہیں، میچز آخری اوور تک جاتے ہیں تو اس سے پلیئرز کا پریشر کو ہینڈل کرنے والا ذہن بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک بہترین لیگ ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ کچھ اور ہی ہوتا ہے، صائم ایوب، احسان اللّٰہ زبردست ٹیلنٹ ہیں، مجھے ان سے سے کافی امیدیں ہیں، عماد وسیم اور اعظم خان نے اچھا کم بیک کیا ہے صائم جس فارم میں لگ رہا ہے،وہ بابر کی کیٹیگری والے کھلاڑیوں جیسا کھیل رہا ہے،بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق ایسے پلیئرز ہیں جو آپ کے خلاف رنز بھی کریں تو برا نہیں لگتا۔

