راولپنڈی: پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈیرل مچل نے مسلسل دوسری سنچری داغ دی ، جس کے بعد نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 337 رنز کا ہدف دیدیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پانچ میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے قائد ٹام لیتھم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈیرل مچل نے مسلسل دوسری سنچری داغ دی ، جس کے بعد نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 337 رنز کا ہدف دیدیا۔
کیویز کی طرف سے اننگ کا آغاز ول ینگ اور چیڈ بوئس نے کیا، دونوں نے ابتداء میں ہی محتاط انداز میں سکور کو آگے بڑھایا اور اس دوران چند خوبصورت شارٹس کھیلے۔ تاہم چھٹے اوورز میں حارث رؤف نے محمد رضوان کی مدد سے ول ینگ کو پویلین بھیج دیا، بیٹر نے 22 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 19 سکور بنائے۔
پہلے میچ میں سنچری بنانے والے ڈیرل مچل نے اوپنر چیڈ بوئس کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز میں رنز بنائے۔ دونوں بیٹر کے درمیان 80 گیندوں پر 86 سکور کی پارٹنر شپ بنی جس کا خاتمہ حارث رؤف نے 19 ویں میں کیا، چیڈ بوئس 51 سکور بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
راولپنڈی کی فلیٹ پچ پر نیوزی لینڈ کے کپتان اور ڈیرل مچل نے قومی باؤلرز کی خوب درگت بناتے ہوئے بے بس کر دیا۔ جبکہ وکٹ کے چاروں اطراف زبردست شارٹس کھیلے۔ میچ کے دوران ڈیرل مچل نے اپنے کیریئر کی مسلسل دوسری تھری فیگر جارحانہ اننگز کھیلی۔ان کی اننگز کا خاتمہ نسیم شاہ نے کیا، بیٹر نے 119 گیندوں پر 129 سکور کی باری کھیلی، جس میں 8 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، ڈیرل مچل نے کپتان ٹام لیتھم کیساتھ مل کر 183 رنز کی شراکت داری بنائی۔
مہمان ٹیم کے کپتان بدقسمت ثابت ہوئے ، کیریئر کی 8 ویں سنچری نہ بنا سکی اور 85 گیندوں پر 98 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے، اس کے بعد مارک چیمپن کی باری محض ایک سکور پر ختم ہو گئی۔ فاسٹ باؤلر نے ایک مرتبہ پھر وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 336 رنز بنائے، جیمی نیشم 17 اور ہینری نکولس 6 رنز کر ناٹ آؤٹ رہے، حارث رؤف نے چار شکار کیے، نسیم شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔