English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کی دوسرے روز بھی پریکٹس

القمر

کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے  دوسرے روز بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 5میچزپر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں کراچی میں شیڈول 3میچز کا  آغاز کل بدھ سے ہو رہا ہے جب کہ  دیگر میچز 5 اور 7 مئی کو کھیلے جائیں گے۔

منگل کے روز کھلاڑیوں نے  بھرپور انداز میں  مشقوں میں حصہ لیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ  کی پریکٹس کی مشقیں  کیں، جسمانی ورزشوں کے ذریعے وارم اپ کے بعد کھلاڑیوں نے فٹبال  بھی کھیلی۔نیٹ پریکٹس  میں قومی کپتان بابر اعظم، افتخاراحمد اور شاداب خان  نے  بیٹنگ پر توجہ دی جب کہ شاداب خان نے بیٹنگ  کے بعد بولنگ میں  اپنی اسپن گیندوں پر گرفت رکھنے کی مشقیں کیں۔

بولنگ کے شعبہ میں فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی نے  گزشتہ روز کی نسبت زیادہ تیز  گیندیں کرائیں۔نسیم شاہ بھی اسپیڈ کے ساتھ ردھم کو قائم کرنے کے لیے کوشاں نظر آئے۔حارث رؤف اور محمد نواز نے بھی  بولنگ میں اپنی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کی کوشش کی۔پاکستان کی زیادہ تر توجہ فیلڈنگ کو بہتر بنانے پر مرکوز رہی۔کپتان بابراعظم نے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کے ہمراہ وکٹ کا جائزہ لیا اور ان کے ساتھ مشاورت کی۔

چیف کیوریٹر آغاز زاہد کی نگرانی میں بننے والی وکٹوں کے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ سپورٹنگ ہونے کے ساتھ اسپنرز کے لیے معاون اور مددگار ثابت ہوں گی۔دوسری جانب  نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم  کے کنسلٹنٹ ثقلین مشتاق اپنے بولرز کو مسلسل ٹپس دیتے اور ان کی رہنمائی کرتے رہے۔ثقلین مشتاق نے خود بھی نیٹ پربولنگ کرائی۔

نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل  جارحانہ انداز میں اسٹروکس کی پریکٹس کرتے رہے۔ دونوں ٹیموں کی مشقوں کے موقع پر سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے