کراچی: پاکستان اورنیوزی لینڈ کے مابین نیشنل بینک کرکٹ ایرینا (نیشنل اسٹیڈیم کراچی) میں 3 مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ میچزکے حوالے سے سیکورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔
سیکورٹی پلان ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ڈی آئی جی سیکورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کی زیر صدارت اجلاس کے دوران وضع کیا گیا، جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران، پاک فوج، سندھ رینجرز اور پی سی بی کے افسران سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
سیکورٹی پلان کے مطابق مجموعی طورپر 6500 سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔ ایس ایس یو کے 1000 کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوزسمیت سیکورٹی ڈویژن کے 2600،ٹریفک پولیس کے 1800، اسپیشل برانچ کے600 اورڈسٹرکٹ پولیس کے اہلکار دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اسٹیڈیم،کراچی ایئرپورٹ،روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اوردیگرمختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ماہرنشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات ہیں۔
جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزپرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس ایس ، ڈبلیو، اے، ٹی ٹیم بطورکوئیک ریسپانس فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یوہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی اوراسٹیڈیم کے اطراف گشت پربھی مامورہوگی۔
ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈاینڈکنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی گئی ہے۔اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈرز نصب گاڑیوں کے داخلے اور ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پرسخت پابندی ہے۔
ترجمان کے مطابق سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں ،شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے پارکنگ پوائنٹس مختص کیےگئے ہیں۔اسٹیڈیم سے ملحقہ چائنا گراؤنڈ عوام کے لیے اوراسٹیڈیم سے ملحقہ نیشنل کوچنگ سینٹروی وی آئی پی اورگرین اسٹیکر کی حامل گاڑیوں کے لیے مختص ہے۔
تماشائیوں کو ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے لے کر انکلوژر تک مکمل رہنمائی اورمدد فراہم کریں گے۔تماشائیوں کو اسٹیڈیم کے صرف گیٹ نمبر6 تا گیٹ نمبر 14 تک سے داخلے کی اجازت ہوگی۔گیٹ نمبر 1 سے 5 تماشائیوں کے داخلے کے لیے بند رہیں گے۔شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈاپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے۔
صرف بک می ڈاٹ کام سے خریدہ گیا ٹکٹ قابلِ قبول ہوگا۔ لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں۔کوئی بھی آتشیں اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکا خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یالکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔
کسی بھی بینر،پوسٹر،پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ کرکٹ شائقین کوگراؤنڈ اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔
