کراچی: نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سیریز میں مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی ہے، قومی کرکٹ ٹیم نے میچ میں 102 رنز سے شکست دیدی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک روزہ میچوں میں تیز ترین پانچ ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بنا لیا ہے، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے یہ اعزاز کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے چوتھے ون ڈے میچ میں حاصل کیا۔
چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 334 رنز بنائے ، کپتنان بابر اعظم نے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، آغا سلمان نے 58 رنز بنائے ۔
کیویز کی جانب سے کپتان ٹام لیتھم 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مارک چیپ مین 46، ڈیرل مچل 34، ٹام بلنڈل 23، وِل ینگ 15 اور جیمز نیشم 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 4، محمد وسیم نے 3، حارث رؤف نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے بیٹر ہاشم آملہ کے پاس تھا جنہوں نے 101 اننگز میں 5 ہزار رنز بنائے تھے جبکہ ویسٹ انڈیز کے سر ووین رچرڈ 114، بھارت کے ویرات کوہلی 114 اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 115 اننگز میں 5 ہزار رنز اسکور کیے تھے۔
چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113.483 ہوگئے ہیں، آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جبکہ انڈیا کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہیں ۔
