اسلام آباد:پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی مبینہ منگنی کی خبروں کو مسترد کردیا،نسیم شاہ ان دنوں انگلش لیگ ٹی ٹوئنٹی وائیٹلٹی بلاسٹ کھیل رہے ہیں جن کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ کرکٹر کی منگنی ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے فاسٹ بولر نے خود بھی ان افواہوں کی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے تردید کی تھی نجی ٹی وی سے گفتگو میںنسیم شاہ نے کہا ‘میری منگنی کی تمام افواہیں بالکل غلط ہیں کیونکہ ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سب میری منگنی یا شادی میں اتنی دلچسپی کیوں رکھتے ہیں؟ لوگ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے اچانک ان کی شادیوں اور مصروفیات پر کیوں توجہ مرکوز کر دیتے ہیں؟فاسٹ بولر نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ ‘بس ہمیں کرکٹ کھیلتا دیکھیں اور اس سے لطف اندوز ہوں، شادی میرا ذاتی معاملہ ہے اور یہ تب ہی ہو گی جب قسمت میں ہوگا۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ‘مجھے صرف چند گیمز کھیلنے کا موقع ملا جو ایک اچھا تجربہ تھا ، اور میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں، نسیم کا مزید کہنا تھا کہ میری توجہ ابھی سری لنکا میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز سمیت ان تمام مواقع پر ہے جو مجھے حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لگائے گئے خصوصی کرکٹ کیمپ میں شرکت کروں گا، امید ہے کہ ورلڈ کپ تک ہماری تیاری مکمل ہوگی۔
