پی سی بی کا نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیا گیا جب کہ کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب 27 جون کو ہوگا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا تجویز کردہ پی سی بی کا بورڈ آف گورنرز مسترد کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین اور چیف الیکشن کمشنر احمد شہزاد رانا کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی تحلیل ہونے کا نوٹیفیکیشن موصول ہونے کے بعد نجم سیٹھی کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی کے تجویز کردہ پی سی بی کا بورڈ آف گورنرز کے ناموں کو مسترد کردیا۔
دوسری جانب پی سی بی کے الیکشن کمشنر نے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کےنئے چیئرمین کا انتخاب 27 جون کوہوگا۔ اس سے قبل چیئر مین کا انتخاب 28 جون کو ہونا تھا تاہم 28 جون سے یکم جولائی تک عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان وفاقی حکومت نے کررکھا ہے۔
پی سی بی کے الیکشن کمشنر نے گورننگ بورڈ کے ناموں کا بھی اعلان کیا ہے، اور بتایا ہے کہ نئے بورڈ میں لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی، حیدرآباد، بہاولپور ریجن، نیشنل اور اسٹیٹ بنکس، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن بھی گورننگ بورڈ میں شامل ہیں۔ ذکا اشرف اور مصطفی رمدے پہلے ہی گورننگ بورڈ کے لئے نامزد ہیں، دونوں کا نام وزیراعظم شہباز شریف نے تجویز کیا تھا۔