نئی دہلی: ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ری شیڈول ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے نوراتری کے موقع پر ہائی وولٹیج میچ نہ کرانے کا مشورہ دے دیا، مقابلہ 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو ہونا ممکن ہے جبکہ وینیو کی تبدیلی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
بورڈ کی جانب سے حتمی فیصلہ ایک دو روز میں ہونے کا امکان ہے جبکہ وینیو کی تبدیلی سے شائقین کرکٹ کو بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔
شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔ گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔
ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔

