English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست

کراچی: پاکستان کو   ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں شکست ہوگئی،میزبان ازبکستان  نے پاکستان کو 1-3سے شکست دے کرفائنل  میں جگہ بنالی،جہاں اس کا ٹکراو ایران سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے میں چائنیز تا ئپے کو2-3 سے مات دی۔

تفصیلات کے مطابق ازبکستان کے شہر تاشقند میں جاری چیمپئن شپ میں مسلسل چار فتوحات کے بعد پاکستان ٹیم کامیابی کاسلسلہ جاری نہ رکھ سکی اور سیمی فائنل میں ازبکستان  سے مات کھا گئی،میزبان ٹیم نے پہلا سیٹ 23-25سے جیتنے کے بعد دوسرے سیٹ میں 21-25سے کامیابی پائی۔

 تیسرے سیٹ پاکستان نے 17-25 سے کامیابی پا کر کھیل میں واپس آنے کی کوشش کی تاہم چوتھے سیٹ میں ازبکستان نے23-25سے فتح حاصل کر کے  فائنل میں جگہ بنا لی،پاکستان نے پہلے راؤنڈ میں چائنیز ٹائپے، دوسرے گروپ میچ میں منگولیا اور سپر8 مرحلے میں تھائی لینڈ کوشکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب پہلے سیمی فائنل میں ایران نے دلچسپ مقابلے کے بعد کامیابی اپنے نام کی، فاتح ٹیم نے چائنیز ٹائپے کے خلاف پہلے دونوں سیٹ ہارنے کے بعد زبردست انداز میں کھیل میں واپس آتے ہوئے اگلے تینوں سیٹ جیت کر فائنل میں قدم رکھا،چیمپین شپ میں پہلی تین پوزیشن کی حامل ٹیمیں آئندہ برس ہونے والی عالمی انڈر 17 والی بال چیمپین شپ میں شرکت کی حقدار ہوں گی۔

 تیسری پوزیشن کے لیے ہفتے کو پاکستان اور چائنیز ٹائپے کے درمیان مقابلہ ہوگا،واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان نے سنٹرل ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران سے مقابلہ کیا تھا، میزبان سائیڈ نے فائنل جیت کر گولڈ جبکہ پاکستان نے سلور میڈل حاصل کیاتھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے