English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستانی عوام کی تباہ کن حملے سے سنبھلنے کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

امریکی محکمہ خارجہ نے اتوار کے روز باجوڑ میں ایک سیاسی ریلی پر خود کش حملے کی ایک مرتبہ پھر مذمت کی ہے۔ جمیعتِ علماء اسلام (ف) کے اس سیاسی اجتماع کے دوران دھماکے میں کم از کم 54 افراد ہلاک اور 120 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے معمول کی پریس بریفنگ میں باجوڑ حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا،”پاکستانی عوام کو دہشت گردوں سے بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ہم پاکستانی عوام کی مقابلے اور تباہ کن حملے سے سنبھلنے کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو اس طرح کی دہشت گردی کا شکار نہیں ہونا چاہئیے جو بلا شبہ امن اور جمہوری معاشروں کی توہین ہے۔

میتھیو ملر محکمہ خارجہ میں بریفنگ ختم کر کے جاتے ہوئے فوٹو اے پی

میتھیو ملر محکمہ خارجہ میں بریفنگ ختم کر کے جاتے ہوئے فوٹو اے پی

ملر نے کہا، ہم پاکستانی حکومت کی دہشت گردی سے نمٹنے کی ان کوششوں کی حمایت کرتے ہیں جو اس انداز میں کی جائیں کہ قانون کی حکمرانی کو فروغ اور انسانی حقوق کو تحفظ ملے۔

افغانستان کی سرزمین کے پاکستان کے خلاف حملوں میں استعمال نہ ہونے کے بارے میں حالیہ دوحہ مزاکرات میں کسی یقین دہانی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان ملر نے کہا کہ ہم نے اس میٹنگ میں اور طالبان کے ساتھ دیگر میٹنگز اور رابطوں میں ہمیشہ واضح کیا ہے کہ یہ اہم ہے کہ طالبان افغانستان کو دہشت گرد حملوں کے لیے کوئی اڈا نہ بننے دیں۔


باجوڑ دھماکے میں جان سے جانے والوں کی نماز جنازہ میں علاقے کے لوگوں کی بڑے تعداد نے شرکت کی۔ 31 جولائی 2023 فوٹو رائٹرز

باجوڑ دھماکے میں جان سے جانے والوں کی نماز جنازہ میں علاقے کے لوگوں کی بڑے تعداد نے شرکت کی۔ 31 جولائی 2023 فوٹو رائٹرز

ان سے سوال کیا گیا کہ آیا پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے امریکہ سے کسی قسم کی مدد کی کوئی درخواست کی ہے تو ترجمان ملر نے کہا کہ اس بارے میں دونوں ملکوں کے درمیان کسی گفتگو پر وہ بات نہیں کریں گے مگر یہ ضرور کہیں گے کہ امریکی محکمہ خارجہ پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیت سازی سے متعلق متعدد پروگراموں کے لیے فنڈز مہیا کرتا ہے جن میں توجہ قانون کے نفاذ اور انصاف کی فراہمی پر مرکوز ہو اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔

سی پیک منصوبے کے دس سال مکمل ہونے پر چین کے نائب وزیرِ اعظم کے دورہ پاکستان اور پاکستان اور چین کے تعلقات کے بارے میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ملر نے کہا، "اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے اور ہم تجارت مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں گے۔”

باجوڑ حملے کے بعد کا منظر فوٹو اے ایف پی۔ 30 جولائی 2023

باجوڑ حملے کے بعد کا منظر فوٹو اے ایف پی۔ 30 جولائی 2023

انہوں نے کہا، "سرمایہ کاری کے روابط ہمارے دو طرفہ تعلقات کے لیے ہمیشہ ہماری ترجیح رہیں گے۔ ہم کسی بھی ملک میں بہتر حکمرانی، طویل المدت استعداد کی تعمیر،اور مارکیٹ کے موافق رجحانات کو ترجیح دیتے ہیں جو نجی شعبے کی، پیداوار اور ترقی برقرار رکھنے کے بہترین راستے پر نشوو نما کا موقع فراہم کریں۔”




ملر نے مزید کہا، "ہم اس تجارت اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں جوپیداوار اور ترقی کو فروغ دے لیکن ہم ان تمام معاملات میں شفافیت، پائیدار مالیاتی طریقوں اور قومی اعدادوشمار کے تحفظ پر زور دیتے رہیں گے۔ تاکہ پاکستان اور اس کے شراکت داروں دونوں کے باہمی مفادات کو یقینی بنایا جا سکے۔”

تاہم ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ہم نے عوامی جمہوریہ چین اور کچھ دیگرممالک کی پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری میں ہمیشہ ایسا ہوتے نہیں دیکھا، لیکن شفافیت اور قرضوں کے ذمہ دارانہ انتظام کو فروغ دینے والی سرمایہ کاری ہمارے نزدیک مناسب ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے