لاہور: پی سی بی نے مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا سربراہ مصباح الحق کو مقرر کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف امور سے متعلق مشاورت کے لیے اعلیٰ سطح کی تکنیکی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کا سربراہ سابق کپتان مصباح الحق کو مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو سابق کپتان انضمام الحق اور محمد حفیظ کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔ نئی کمیٹی (سی ٹی سی) کرکٹ سے متعلق معاملات پر اپنی سفارشات تیار کرے گی جن میں قومی سلیکشن کمیٹیوں کا تقرر، قومی ٹیم کے کوچز کی تعیناتی، کرکٹرز کے سینٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس اور ان کی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔
ڈومیسٹک اسٹرکچر کے معاملات، شیڈول، پلیئنگ کنڈیشنز کے معاملے میں بھی کمیٹی کی مشاورت شامل ہوگی۔ امپائرز، ریفریز اور کیوریٹرز کی دیکھ بھال اور ترقی کے منصوبوں کا پلان بھی تیار کرے گی۔ کمیٹی کے پاس اپنی ضرورت کے مطابق اضافی کرکٹ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔ یہ کمیٹی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو مستقل بنیادوں پر رپورٹ کرے گی۔

