لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف سیریز میں ہماری ٹیم کا ہر کھلاڑی میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کو بے تاب ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ سب کھلاڑیوں کو ہمیشہ یہی پیغام دیتا ہوں کہ اپنے آپ پر یقین رکھیں اور میدان میں سو فی صد پرفارمنس دکھانے کی کوشش کریں۔ ہم سب ایک یونٹ کی حیثیت سے ایک دوسرے کے ساتھ بہت انجوائے کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کچھ نئے کھلاڑی بھی ہیں، جو چیلنجز پر پورا اتریں گے۔ لڑکے مختلف لیگز کھیل چکے ہیں اور جب اوپر کی سطح پر قوم و ملک کے لیے کھیلنا پڑتا ہے تو عزم جواں ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کپتان کے طور پر آنے والی کرکٹ کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی سے ہمارا عزم بلند ہے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ایشیا کپ اور ورلڈ کے کے حوالے سے بھرپور تیاریوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور فی الوقت افغانستان کے خلاف سیریز پر فوکس ہے۔ کسی بھی بڑے ایونٹ سے پہلے ایسی سیریز حوصلہ افزا اور فائدہ مند ہوتی ہے۔ افغانستان کے خلاف ہمارے کھلاڑی میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کے لیے بے تاب ہیں اور اسے ایک چیلنج کے طور پر سمجھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان نے ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کو کبھی نہیں ہرایا جب کہ بابراعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم 26 میں سے 17 ون ڈے جیت چکی ہے۔ 2022 ء کے آغاز سے اب تک پاکستان نے 17 میں سے 13 ون ڈے انٹرنیشنل جیتے ہیں۔ اس سال مئی میں اس نے آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلی مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے اور اگر پاکستان نے افغانستان کے خلاف تینوں ون ڈے جیت لیے تو وہ دوبارہ عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائے گا۔

