قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی کی جانب سے کی گئی میری تعریف میرے لیے اعزاز ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے سے پہلے بابر اعظم اور ویرات کوہلی سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے، جس میں دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔
ایشیا کپ کے براڈکاسٹر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ویڈیو شیئر کی، جس میں بابراعظم کہتے ہیں کہ ویرات کی جانب سے کی گئی تعریف میرے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی سے پہلی مرتبہ ملاقات 2019ء میں ہوئی تھی۔ تب ان سے گفتگو ہوئی اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں گزشتہ برس ویرات کوہلی کی جانب سے بابراعظم سے متعلق ظاہر کیے گئے خیالات بھی دکھائے گئے ہیں، جس میں وہ بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بابر اعظم تمام فارمیٹ کا بہترین کھلاڑی ہے۔ ان کے رویے میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس حقیقت کے باوجود کہ اب وہ دنیا کے ٹاپ کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین مقابلہ 2 ستمبر کو ہفتے کے روز ہوگا۔ پاک بھارت میچ کو شائقین کرکٹ روایتی حریف ہونے کی وجہ سے بڑا مقابلہ کہتے ہیں۔

