کرکٹ کے کمنٹیٹر اور سابق سربراہ پی سی بی رمیز راجا نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان کو آرام دینے کا مشورہ دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق رمیز راجا نے اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان مسلسل فلاپ ہورہے ہیں، لہٰذا انہیں بھارت کے خلاف میچ میں آرام کروایا جائے اور بابر اعظم خود امام الحق کے ساتھ اوپننگ کرکے پاکستان کو اہم اننگز کے لیے مضبوط آغاز فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان ایک غیر روایتی بیٹر ہیں لیکن جب ایسا کھلاڑی فارم میں نہ ہو تو اسے آرام کروایا جاتا ہے تاکہ وہ جلدی کم بیک کرسکے۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ فخر زمان نے افغانستان کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف 3 میچز کھیلے لیکن پرفارم نہیں کرسکے جب کہ ان کی باڈی لینگویج بھی بالکل مختلف تھی۔ پاکستان ایشیاکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں اِن فارم بیٹر کی ضرورت ہے۔ اگر امام بھی جلد آؤٹ ہوتے ہیں تو اِن پر مزید دباؤ بڑھے گا۔
یاد رہے ایشیاکپ میں روایتی حریف پاک بھارت ٹیمیں کل پالے کیلے میں ایک دوسرے کے مقابلے پر ہوں گی۔
