لاہور: سری لنکن لنکا میں جاری ایشیا کپ کے دوران کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے سپر فور مرحلے کے دیگر میچز ہمبنوٹا میں منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا باقاعدہ اعلان جلد سامنے آجائے گا۔ ذرائع کے مطابق سپر 4 مرحلے کے سری لنکا میں شیڈول میچز جن کا آغاز9 ستمبر سے ہونا ہے وہ اب کولمبو کے بجائے ہمبنٹوٹا میں کھیلے جائیں گے۔
کولمبو میں مسلسل بارشوں کے پیش نظر ایشین کرکٹ کونسل اور سری لنکن بورڈ کی مشاورت کے بعد پی سی بی نے بھی میچز کی ہمبنٹوٹا منتقلی پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔
براڈ کاسٹرز سے بھی لاجسٹک ایشوز پر تبادلہ خیال کے بعد میچز کی کولمبو سے منتقلی پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سپر فور مرحلے میں اہم مقابلہ 10 ستمبر کو پاکستان کا ہے جس میں مدمقابل ممکنہ ٹیم بھارت کی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچز پاکستان اور دبئی میں کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔
