لاہور: کرکٹ کے عالمی کپ 2023ء کے لیے پاکستانی ٹیم کا 32 ارکان پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے 30 سے 32 ارکان کا اسکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز میں سے 23 افراد کے اخراجات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ذمے جب کہ دیگر کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) برداشت کرے گا۔
عالمی کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کے ساتھ 3 ایکسٹرا کھلاڑی بھی سفر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کے انتخاب کے وقت صرف 15 کھلاڑی ہی زیر غور ہوں گے اور 3 اضافی کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق کسی انجری کی صورت میں آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی اضافی کھلاڑیوں میں سے کسی کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے سکے گی۔ 3 اضافی کھلاڑی قومی ٹیم کے ساتھ پریکٹس کر سکیں گے تاہم میچ کے روز وہ ہوٹل میں قیام کریں گے اور انہیں ٹیم کے ڈریسنگ روم میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
