کنگ کی والدہ کلاڈین گیٹس کے نمائندے کی جانب سے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا گیا، "کلاڈین گیٹس امریکی فوج اور انٹرایجنسی میں اس کے تمام شراکت داروں کی ہمیشہ شکر گزار رہیں گی کہ اس کام کو بخوبی انجام دیا گیا۔”
اس سے قبل بدھ کے روز، شمالی کوریا نے کہا تھا کہ وہ کنگ کے بارے میں اپنی حتمی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد انہیں ملک بدر کر رہا ہے۔
ٹریوس کنگ کون ہیں؟
ٹریوس کنگ امریکی فوج میں ایک پرائیوٹ اہلکار ہیں جو گزشتہ ماہ شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان واقع سرحد جوائنٹ سیکیورٹی ایریا (JSA) کے دورے کے دوران بھاگ کر شمالی کوریا میں داخل ہو گئے تھے۔
امریکی عہدے داروں کا خیال ہے کہ ٹریوس کنگ نے جان بوجھ کر سرحد پار کی تھی، اس لیے انہیں اب تک جنگی قیدی قرار دینے سے انکار کیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘کے سی این اے’ نے کہا تھاکہ پیانگ یانگ میں تفتیش کاروں نے یہ نتیجہ بھی اخذ کیا ہے کہ امریکی اہلکار نے شمال یا کسی تیسرے ملک میں رہنے کے ارادے سے جان بوجھ کر اور غیر قانونی طور پر (سرحد) پار کی تھی۔
کے سی این اے کے بقول،”تحقیقات کے دوران، ٹریوس کنگ نے اعتراف کیا تھاکہ اس نے ڈی پی آر کے(ڈیمو کریٹک ری پبلک آف کوریا) آنے کا فیصلہ کیا ہے، کیوں کہ امریکی فوج کے اندر غیر انسانی سلوک اور نسلی امتیاز نے انہیں دل برداشتہ کر دیا تھا۔ "
