احمد آباد: کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 283 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 37 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے صرف 2 کھلاڑیوں نے ہی انگلینڈ کا دیا ہوا پورا ہدف مکمل کرلیا۔ ڈیون کانوائے نے 152 اور رچن رویندرا نے 123 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے نمبر کے اوپنر ول ینگ صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے جن کی وکٹ سیم کرن نے حاصل کی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز اسکور کیے تھے۔ اوپنرز نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ڈیوڈ ملان 14 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، جونی بیرسٹو 33، ہیری بروک 25 جبکہ معین علی 11، کپتان جوز بٹلر 43، لیام لیونگسٹن 20، کرس ووکس اور سیم کرن 11، 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
انگلش بیٹر جو روٹ نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 86 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2، 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کوشش ہوگی ایونٹ کا آغاز میچ میں جیت کے ساتھ کریں۔

