راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نےریسکیو 1122 کےزیر اہتمام 12 ویں نیشنل ریسکیو چیلنج کےمقابلہ جات میں ‘ہائیٹ ریسکیو چیلنج’میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
3روزہ نیشنل ریسکیو چیلنج میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، پولیس، این جی اوز اور یونیورسٹیز سے 19 ریسکیو ٹیموں نےحصہ لیا ۔
اختتامی تقریب میں ترکی، فلسطین، عمان اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی۔ الخدمت فاؤنڈٰیشن کی 18 رُکنی ٹیم نےمنیجرالخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ پروگرام آصف جمال کی سربراہی میں نیشنل ریسکیو چیلنج میں ہائیٹ ریسکیو ، ڈیپ ویل ریسکیو، واٹر ریسکیو ، سوئمنگ اور ٹراما اینڈ میڈیکل ایمرجنسی میں حصہ لیا۔
مقابلوں میں سینئرانسٹرکٹرز اورماہرین نے ٹیموں کے دیے گئے اہداف اور ایمرجنسی رسپانس کے عالمی معیار کے مطابق جانچا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر ٹیموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج کا مقصد ملک بھر میں ایمرجنسی سروسز کے درمیان ہنگامی تعاون کو بہتر بنانا اورایمرجنسی سروسز کے یکساں معیار قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو چیلنج ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزیداضافہ کرے گا تاکہ صحت مندانہ مقابلے کے ذریعے ہنگامی حالات اور آفات میں درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہو سکیں۔ اس سے ملک کے تمام صوبوں کی ایمرجنسی سروسز کی کوآرڈینیشن اور پیشہ ورانہ صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا ۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن کی ایک پہچان ہے۔ پاکستان میں آنے والے کسی بھی ناگہانی آفت اور حادثے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ریسکیورز اور رضاکار اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ہراول دستہ کی صورت موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے، ایسی صورتحال میں ریسکیورز کے لیے ایسے پروگرامات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
