دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی ون ڈے رینکنگ میں بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی کھلاڑی شبمن گل دونوں کی پہلی اور دوسری پوزیشن برقرار ہے،آئی سی سی کے مطابق بابر اعظم کے 836جبکہ شبمن گل کے رینکنگ پوائنٹس 818ہیں،رینکنگ میں ساوتھ افریقہ کے کھلاڑی کوئنٹن ڈی کوک ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ ساوتھ افریقہ کے ہی کھلاڑی وین ڈر ڈوسن چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق آئرش کھلاڑی ہیری ٹیکٹر پانچویں، بھارتی کپتان روہت شرما چھٹے، آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر ساتویں، انگلش بیٹر ڈیوڈ میلان آٹھویں اور بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی نویں نمبر پر موجود ہیں،پاکستان کے امام الحق کی رینکنگ میں دسویں پوزیشن ہے جبکہ فخر زمان 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔