ممبئی: کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں ہوئے کرکٹ عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوگئی، جس کے نتیجے میں بھارت آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کی جانب سے دیے گئے 398 رنز کا ہدف پورا نہیں کر سکی اور 48.5 اوورز میں 327 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کے محمد شامی نے نیوزی لینڈ کے 7 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا، جس کی وجہ سے ڈیرل مچل کے جارحانہ انداز سے بنائے گئے 137 رنز بھی ٹیم کو کامیاب نہیں کروا سکے۔ بھارت بالر جسپریت بمراہ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بھارت کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس میں بھارتی ٹیم نے 397 رنز کا ہدف دیا جب کہ 50 اوورز میں اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ ویرات کوہلی نے 117 رنز اور شریاس ایر نے 105 رنز بنائے۔ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کی پچاسویں ون ڈے سنچری بنائی۔
بھارتی اننگ کے دوران کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی نے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
